راجوری میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک جنگجو جاں بحق، آپریشن ہنوز جاری

نیوز ڈیسک
جموں// فوج نے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو ہلاک کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں نے راجوری کے لام نوشہرا سیکٹر میں ہفتے کی شام دراندازی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ وہاں تعینات مستعد فوجی جوانوں نے سروی لنس گرڈ کا موثر استعمال کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کا پتہ لگایا۔ اُن کے مطابق فوجی جوانوں کی طرف سے چیلنج کئے جانے پر طرفین کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک جنگجو مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں مہلوک جنگجو کی لاش برآمد کی گئی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ راجوری سیکٹر میں دراندازی کے بعد حد متارکہ پر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔