راجوری میں اکلاویہ ماڈل رہائشی سکول کا سنگ بنیاد

راجوری//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار نے راجوری میں گردن بالا علاقے میں ایک اکلاویہ ماڈل رہائشی سکول کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ قبائلی کلسٹر ماڈل ولیجز ، اکلاویہ ماڈل سکول ، قبائلی تحقیقی ادارے ، قبائلی طلاب کے لئے وظائف اور لائبریری کی سہولیات فراہم کرنے کا مقصد حکومت کو پچھڑے ہوئے طبقوں میں خو د اعتمادی پیداکرنا اور انہیں دیگر سماجی طبقوں کے ساتھ شانہ بشانہ ترقی و خوشحالی فراہم کرنا ہے ۔یہ سکول 170کنال اراضی پر 16کروڑ روپے کی رقم سے تعمیر کیا جائے گا اور اس میں تدریسی بلاک ، لیبارٹری ، سمارٹ کلاس روم ، لڑکوں اور لڑکیوں کے ہوسٹل بلاک ، وارڈن اساتذہ ودیگر عملے اور سیکورٹی کے لئے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیر نے کہاکہ اس تعلیمی ادارے میںقبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والے 400 لڑکیوں اور لڑکوں کے لئے تمام طرح کی سہولیات فراہم ہوں گی۔وزیرنے متعلقہ ایجنسی کوہدایت دی کہ وہ تدریسی بلاک اور ہوسٹل بلاک کی منزل ایک سال کے اندر مکمل کریںتاکہ اگلے تدریسی سیشن میں پڑھائی کا کام کاج شروع کیا جاسکے ۔انہوںنے کہاکہ اعلیٰ تربیت یافتہ اساتذہ کو اس سکول میں تعینات کیا جائے گا جو ریاستی و غیر ریاستی علاقوں سے یہاں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔وزیر نے کہاکہ ریاستی حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ترقی کے اونچے منازل طے کر رہی ہیں اورلوگوں کو اعلیٰ تعلیم کے علاوہ بہتر طبی سہولیات ، ٹرانسپورٹ سہولیات ، بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔اس موقعہ پر ایم ایل اے راجوری چودھری قمر حسین نے بھی خطاب کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ، سیکرٹری امور قبائل محکمہ ، ڈائریکٹر پی اے ڈی ، ایس ایس پی اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔