راجوری//راجوری کے تھنہ منڈی اور منجہ کوٹ کے درمیانی جنگلاتی علاقے میں جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مسلح جھڑپ میں ایک جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ بروٹ گائوں کے نزدیکی جنگلات میںاتوار کی صبح مسلح جنگجوئوںکی موجودگی کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لیا ۔دفاعی ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا اور دو پہر کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی تاہم اتوار کی شام تک اسکی لاش بر آمد نہیں کی جاسکی۔پولیس نے بتایا کہ پیر کی صبح مہلوک جنگجو کی لاش پولیس نے اپنی تحویل میں لی تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔البتہ اسکی تحویل سے ایک رائفل، دو میگزین، ایک گرینیڈ اور 32رائونڈس بر آمد کئے گئے۔علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔اس حوالے سے کیس زیر نمبر141/2021درج کیا گیا ہے۔
راجپورہ پلوامہ میں سرگرم جنگجو گرفتار
شاہد ٹاک
شوپیان // راجپورہ پلوامہ میں معمول کی چیکنگ کے دوران چھتر گام چاڑورہ کے ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کیا گیا۔پیر کی سہ پہر پچہار راجپورہ میں44آر آر اور پولیس نے مشترکہ طور پر ناکہ لگایا تھا جس کے دوران انہوں نے اشفاق احمد ڈار عرف مومن ولد نذیر احمد ڈار ساکن کوٹھی پورہ چھترگام چاڑورہ نامی نوجوان کو حراست میں لیا جس کی تحویل سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اشفاق ایک سرگرم جنگجو ہے جس نے اسی سال اگست کے مہینے میں ہتھیار اٹھائے تھے اور لشکر کیساتھ وابستہ ہوا تھا۔