راجوری میں المناک سڑک حادثہ | دو نوجوان لڑکوں کی موت، چار دیگر شدید زخمی

سمت بھارگو
راجوری//راجوری کوٹرنکہ روڈ پر نگروٹہ میں پیش آئے سڑک حادثے میں دو نوعمر لڑکے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔جائے حادثہ راجوری شہر سے پانچ کلومیٹر دور واقع ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتہ کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب پالما سے راجوری جاتے ہوئے ایک کار سڑک کے کنارے لگے درخت سے ٹکرا گئی اور مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میں کار میں سوار پانچ طلباء زخمی ہو گئے جبکہ موٹر سائیکل پر سوار ایک نوعمر لڑکا بھی زخمی ہوا اور تمام چھ زخمیوں کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ زخمی ہونے والے نوعمر لڑکے میں سے ایک، جو بارہویں جماعت کا طالب علم تھا، ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا۔اس کی شناخت سمیر احمد (17) ولد محمد اکسر سکنہ اوجھان کے طور پر کی گئی ہے۔کار میں سوار دیگر چار طلباء جو زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ان میں آصف منظور (16) ولد منظور حسین سکنہ جتوٹ، توقیل مرزا (18) ولد شہزاد بشیر سکنہ درہال ،محمد امان (18) ولد طاہر مرز،درہال کا رہائشی اور انور شاہ محمد نعیم الحسن (17) ولد انور شاہ سکنہ ترگائیں بدھل شامل ہیں ۔اس کے ساتھ 19 سالہ خدا بخش ولد محمد اسحاق سکنہ پالما جو اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس کار سے ٹکرا گیا، جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے آئی سی یو میں تشویشناک حالت میں تھا اور اس کا ایمرجنسی نوٹ پر آپریشن بھی کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں ضروری تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔