راجوری میں احتجاجی مظاہرہ

راجوری //مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سابق سرپنچوں کی قیادت میں راجوری بس اڈہ پر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ تحصیل دفتر راجوری میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی جارہی ہے ۔اس موقعہ پر محکمہ مال کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔احتجاج کی قیادت کرنے والے سابق سرپنچوں یوگیش شرمااور دیوندر شرما نے الزام لگایاکہ نائب تحصیلدار کے دفتر میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی جارہی ہے اور متعلقہ حکام نے آنکھیں موندھ رکھی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انکم سرٹیفکیٹ اور اسی طرح سے دیگر اسنادکیلئے یاتو لوگوں کودفتر کے کئی چکر کاٹنے پڑتے ہیں یاپھر اچھی خاصی رقم ادا کرناپڑتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کے فوری تبادلے کی مانگ کرتے ہوئے ایماندار افسران کی تعیناتی کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ دفتر کے کچھ افسران محنت سے خدمات انجام دیتے ہیں تاہم کچھ بڑے پیمانے پر کرپشن کررہے ہیں ۔دریں اثنا ضلع انتظامیہ کی ٹیم نے دفتر کا دورہ کرکے تحقیقات شروع کردی ۔