راجوری میں’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام 20جون سے شروع ہو گا :ڈی سی

 
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمود اعجاز اسد نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ ’بیک ٹو ولیج ‘پروگرام 20جون سے ضلع راجوری میں شروع کیا جائے گا ۔ایک پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گور نر انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ اپنی نوعیت کے پہلے پروگرام کا اصل مقصد پنچایتوں کو مزید مضبوط کرنے کیساتھ ساتھ ان کو با اختیار بنانا ہے تاکہ عوام کو انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ اسکیموں ور فلاحی پروگراموں کے بارے میں بیدار کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی تعمیر و ترقی کیلئے شروع کر دہ پروگرام میں سرکاری ملازمین کیساتھ ساتھ عوام کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ دیہی علا قوں کی تعمیر و ترقی ممکن بنائی جاسکے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ ضلع راجوری کی ایک بڑی آبادی گائوں میں آباد ہے جبکہ مذکورہ پروگرام کے تحت اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دیہی علا قوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کرہ اسکیموں کو عو لا گو کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا پہلی بار ریاستی انتظامیہ کی جانب سے پہلی مرتبہ آفیسران کو بھی مذکورہ عمل کیلئے تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ضلع میں 312پنچائتیں ہیں جن کیلئے 312آفیسران کو تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ آفیسران پنچایتوں کی تعمیر وترقی کیلئے سرپنچوں ،پنچوں اور معززین کیساتھ تفصیلی بات چیت کی جائے گی جبکہ درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔