راجوری میڈیکل کالج کے باہر نوزائیدہ بچی مردہ پائی گئی

راجوری //گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے باہر گندگی کے ڈھیرسے ایک نو زائیدہ بچی کی لاش بر آمد ہوئی جس کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے ایک کیس درج کر کے معاملہ کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز کچھ عام راہگیر وں نے میڈیکل کالج کے قریب گندگی کے ڈھیرہ میں پڑی کچھ مشکوک اشیاء دیکھ کرپولیس کو جانکاری دی ۔اطلاع ملنے کیساتھ ہی ہسپتال سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور ایک نو زائیدہ بچی کی لاش کو دیکھ کر اس کو باہر نکال کر ہسپتال کی ایمر جنسی سیکشن میں پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔ جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کیساتھ ساتھ دیگر قانونی لورزامات مکمل کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کو مردہ حالت میں پھینک دیا گیا ہے ۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن راجوری سمیر جیلانی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔