راجوری ضلع میں کووڈ کیسوں میں لگاتار اضافہ

 راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کوروناوائرس کیسوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گزشتہ روز 4افراد کی کووڈ کی وجہ سے موت واقعہ ہو گئی جبکہ 175افراد کو کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ روز مزید 4افراد دوران علاج دم توڑ بیٹھے جن میں ایک 24سالہ نوجوان بھی شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لقمہ اجل بننے والوں میں نوشہرہ سب ڈویژن کے بھجوانواہ گائوں کا ایک 61سالہ شخص جبکہ تھنہ منڈی کے بہروٹ علاقہ سے ایک شخص کی گورنمنٹ میڈیکل کالج کی وارڈمیں موت واقعہ ہو گئی جبکہ تحصیل منجا کوٹ کے کوٹلی کالابن علاقہ کا ایک 24سالہ نوجوان بھی لقمہ اجل بن گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان کا کووڈ ٹیسٹ پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں مثبت آیا تھا جبکہ اس کی راجوری میں موت واقعہ ہو گئی ۔اسی طرح راجوری قصبہ کی ایک 37سالہ خاتون کو صحت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی موت واقعہ ہو گئی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری نے بتایا کہ سبھی افراد کی آخر ی رسومات کووڈ ایس او پیز کے تحت ادا کر دی گئی ہیں ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ گزشتہ روز ضلع بھر میں کووڈ کے 175مزید کیس درج کئے گئے ہیں جن میں سے کالا کوٹ میں 62،سندر بنی میں 37،راجوری میں 31درہال میں 26نوشہرہ میں 15اور کوٹرنکہ میں 4افراد کووڈ مثبت پائے گئے ہیں ۔