راجوری سیکٹر میں گولہ باری

 راجوری//صرف ایک دن کی خاموشی کے بعد راجوری میں حد متارکہ پر آر پارافواج کے مابین ایک بار پھر گولی باری ہوئی۔جموں میں دفاعی ذرائع نے بتایا کہ صبح8بجکر55منٹ پر پاکستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال کے نوشہرہ سیکٹر کے بابا کھوری علاقے میں فوج کی سرحدی چوکیوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا ۔فوج نے بتایا کہ سرحد کے اُس پارسے بھارتی پکٹوں کو بغیر کسی اشتعال کے نشانہ بنایا گیا، مارٹر گولے فائر کئے گئے اورطرفین کے مابین گولی باری کا سلسلہ ہر گذرتے لمحے کے ساتھ شدت اختیار کرگیا ۔انہوںنے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے آر پی جی، مارٹر شیل اور میڈیم مشین گن استعمال کئے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسل وقفے وقفے سے دوپہر12بجے تک جاری رہا ، تاہم اس میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔