راجوری //راجوری تھنہ منڈی تا سرنکوٹ سڑک کی کشادگی کا عمل آئندہ کچھ دنوں میں شروع کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں تعمیر اتی کمپنی کی جانب سے آج ’بھومی پوجا ‘کا اہتمام کیا جائے گا ۔اس تعمیراتی پروجیکٹ میں بارڈر روڈس آرگنائزیشن نوڈل ایجنسی ہے جبکہ دھر م راج نامی کمپنی نے آن لائن ٹینڈرنگ کے ذریعہ تعمیرات کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے ۔حکام نے بتایا کہ پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل آج بھومی پوجا کے سلسلہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش شون بطور مہمان خصوصی شامل ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروجیکٹ کے دوران راجوری ہیڈ کوارٹر سے تھنہ منڈی او ر سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سرنکوٹ تک سڑک کو کشادہ کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری کے درہالی پل سے نکل کر تھنہ منڈی اور معروف سیاحتی مقام دیرہ گلی سے ہوتے ہوئے مذکورہ سڑک مغل شاہراہ کےساتھ جوڑ جائے گی ۔ذرائع کے مطابق تعمیراتی ایجنسی نے تھنہ منڈی کے نزدیک اپنا کیمپ لگایا ہے جہاں پر لیبر او مشینری کو بھی لے جایا گیا ہے ۔