منجاکوٹ +مینڈھر//راجوری اور پونچھ کے کئی سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے درمیان ہوئی شدید گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجہ میں 2شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی مکانات کو نقصان پہنچاہے ۔اس کے علاوہ کچھ مال مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔راجوری کے منجاکوٹ سیکٹر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جس کے باعث ایک معمر شہری اور ایک کمسن لڑکی زخمی ہوئے جنہیں رات کے وقت ہی گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیاگیا ۔قبل ازیں واقعہ کی اطلاع پولیس تک پہنچائی گئی جس پر ایس ایچ او منجاکوٹ منظور کوہلی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ پہنچانے میں مدد کی ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ منجاکوٹ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد دونوں زخمیوں کو راجوری منتقل کردیاگیا جہاں وہ زیر علاج ہیں ۔زخمیوں کی شناخت 68سالہ محمد رفیق ولد علی حیدر اور13سالہ سانیہ کوثر کے طور پر ہوئی ہے جو کھوڑی ناڑ راجدھانی تحصیل منجاکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں ۔فائرنگ اور شلنگ کی زد میں بالاکوٹ اور ترکنڈی سیکٹر کا بہت وسیع علاقہ آیا اور اس دوران کئی مارٹر شیل رہائشی علاقوں میں بھی گرے جس سے کئی مکانات کو نقصان پہنچاہے جبکہ مال مویشیوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ مال کی ٹیموں کو علاقے میں بھیج دیاگیاہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک حد متارکہ پر کم درجے کی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا۔وہیں بالاکوٹ سیکٹر کے بھروتی اورپنجنی علاقے بھی شلنگ کی زد میں آئے جہاں تین مویشی ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔دریں اثناء بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے مینڈھر قصبہ کے نزدیک پڑے ایک مارٹرشیل کو ناکارہ بنایا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ایک مشتبہ شے پڑی ہوئی دیکھی گئی جس کی اطلاع لوگوں نے پولیس تک پہنچائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنایاگیا۔اس شیل کو ناکارہ بنانے کیلئے فوج کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر اسے کامیابی سے ناکارہ بنادیا جس سے امکانی حادثہ ٹل گیا ۔اس معاملے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔
راجوری اور پونچھ میں شدید گولہ باری | منجاکوٹ میں 2شہری زخمی،کئی مکانات تباہ
