راجوری، پونچھ میں’’ ویک اینڈ لاک ڈاؤن‘ سنیچر کو بھی جاری رہا

راجوری +مینڈھر //خطہ پیر پنچال کے ضلع راجوری اور پونچھ میںانتظامیہ کی جانب سے ’’ ویک اینڈ لاک ڈاؤن‘ جاری رکھا گیا ہے ۔دونوں سرحدی اضلاع میں پولیس کی جانب سے صرف ضروری خدمات کی دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت کیساتھ ساتھ تجارتی اداروں کو بھی بند رکھا گیا ۔راجوری اور پونچھ دونوں اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس ہفتے کے آخر میں لگاتار دوسرے دن بھی لاک ڈاؤن پابندیاں برقرار ہیں اور صرف ضروری خدمات کو مہیا رکھنے کی اجازت دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کم پابندی ہے لیکن یہ صرف ضروری اشیاء کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہے جو محکمہ کی طرف سے درجہ بندی کی گئی ہیں۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ ہفتے کے آخر میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں یہ ثابت کر رہی ہیں کہ عوامی مقامات اور بازار ویران رہتے ہیں اور یہ ویک اینڈ لاک ڈاؤن کا بنیادی مرکز عوامی نقل و حرکت کو کم کر کے وائرس کے پھیلائو کو کم کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے آخر میں لاک ڈاؤن کے تحت پابندیاں اتوار کو بھی نافذ رہیں گی اور غیر ضروری خدمات کو پیر کی صبح دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔اس دوران مینڈھر سب ڈویژن میں سبزیوں اور پھلوں کیساتھ ساتھ گوشت والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی جبکہ قصبہ و مختلف سڑکوں پر جموں وکشمیر پولیس کی ٹیموں کو تعینا ت کیا گیا تھا جنہوں نے لوگوں کی نقل و حرکت کو بھی بند رکھا ۔اسی طرح منجا کوٹ تحصیل میں جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے لوگوں کی نقل و حرکت کو بند رکھنے کیساتھ ساتھ غیر ضروری طورپر کارو بار کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی ہے ۔پولیس نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ’ویک اینڈ لاک ڈائون ‘کی پاسداری کریں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جاسکے ۔