راجوری، پونچھ میں خراب موسمی حالات سے معمول کی زندگی درہم برہم

راجوری//پورے پیر پنجال خطہ میں جمعرات کو مسلسل تیسرے روز بھی خراب اور نامساعد موسمی حالات نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔راجوری اور پونچھ اضلاع کے درمیان دیرہ کی گلی سڑک دوسرے دن بھی بند رہی جبکہ راجوری سے تھنہ منڈی تک سڑک جمعرات کو ٹریفک کیلئے جزوی طور پر متاثر رہی۔سرکاری اطلاعات کے مطابق، جڑواں اضلاع کے تمام اونچائی والے علاقوں میں جمعرات کو بھی برف باری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں جمعرات کی سہ پہر کے بعد بارش ہوئی کیونکہ صبح کے اوقات میں موسم کی صورتحال میں چند گھنٹوںکیلئے معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب شاہ نے بتایا کہ کچھ سڑکیں جو بالائی علاقوں میں واقع ہیں وہ برف کی زد میںآکر بند ہوئی ہیں لیکن مرکزی سڑکیں ابھی تک کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کے درمیان بذریعہ ڈی کے جی سڑک دوسرے دن بھی بند ہے جبکہ راجوری تھنہ منڈی سڑک پر ٹریفک بھی متاثر ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شام کنگارکاس میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں سڑک کئی گھنٹوں تک بند رہی لیکن بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات میں سڑک کو بحال کر دیا گیا۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ تھنہ منڈی روڈ پر چوڑا کرنے کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے معمولی لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ سڑک فعال رہے جس کیلئے ٹریفک پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔جڑواں اضلاع کے کئی علاقوں میںبالخصوص بالائی علاقوں میں بجلی منقطع ہونے سے بجلی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔