راجناتھ کا2روزہ دورہ آج سے

 
سرینگر//پی ڈی پی بھاجپا مخلوط حکومت گرنے کے بعد وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ پہلی مرتبہ کشمیرکادورہ کررہے ہیں ،جس دوران موصوف سرینگرمیں سیکورٹی سطح کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کریں گے اورریاست بالخصوص کشمیروادی کی تازہ سیکورٹی صورتحال اورجنگجوئیانہ سرگرمیوں کاجائزہ لینے کیساتھ ساتھ امرناتھ یاتراکے پیش نظرکئے گئے سیکورٹی انتظامات کاجائزہ بھی لیں گے۔راجناتھ سنگھ بدھ کی صبح 2روزہ دورے پر سرینگرپہنچ رہے ہیں اوریہ گزشتہ 4ہفتوں میں راجناتھ سنگھ کادوسرادورہ ہوگا۔ سرینگرپہنچنے کے فوراًبعد وزیرداخلہ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے جس میں ریاستی گورنراین این ووہرا،چیف سیکرٹری،فوج کی شمالی کمان کے سربراہ ،پولیس چیف اورفوج ،نیم فوجی دستوں ،فورسز،جموں وکشمیرپولیس اورمرکزی وریاستی سطح کی مختلف خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران بھی موجودہونگے۔ میٹنگ میں ریاست بالخصوص کشمیروادی کی تازہ سیکورٹی صورتحال بشمول جنگجوئیانہ سرگرمیوں اور درادازی کے واقعات کاجائزہ لیاجائیگاجبکہ میٹنگ کے دوران مختلف سیکورٹی اورخفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران راجناتھ سنگھ کوجنگجوئیانہ سرگرمیوں بالخصوص سینئرصحافی سیدشجاعت بخاری کی ہلاکت کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کریں گے۔میٹنگ میں سالانہ امرناتھ یاتراکے لئے کئے گئے سیکورٹی اقدامات کی جانکاری بھی مرکزی وزیرداخلہ کوفراہم کی جائیگی ۔ راجناتھ سنگھ علیحدہ سے ریاستی گورنراین این ووہراجوکہ ریاستی انتظامی کونسل کے سربراہ بھی ہیں ،کیساتھ گورنرراج لاگوہونے کے بعدپیداشدہ سیاسی صورتحال زیرغورلائیں گے ۔ بائورکیاجاتاہے کہ اس میٹنگ کے دوران گورنرراج کے دوران اُٹھائے جانے والے مختلف نوعیت کے اقدامات کوبھی زیرغورلایاجائیگا۔ 5جولائی کو راجناتھ سنگھ امرناتھ گھپاجائیں گے جہاں وہ درشن کرنے کیساتھ سالانہ امرناتھ یاتراکیلئے کئے گئے سیکورٹی ودیگرانتظامات کاجائزہ لیں گے اوریاتریوں کوفراہم کی جانے والی ضروری سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری لیں گے۔