راجناتھ حیدرآباد میں این ایس جی کیمپس کا افتتاح کریں گے

نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منگل کو تلنگانہ کی راجدھانی حیدر آباد میں قومی حفاظتی گارڈ(این ایس جی)کے نئے کیمپس کا افتتاح کریں گے ۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق مسٹرسنگھ 10 اپریل کو حیدر آباد میں قیام کریں گے اور نو تعمیر شدہ این ایس جی کیمپس کا افتتاح کریں گے ۔ممبئی دہشت گردانہ حملہ کے دوران این ایس جی کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا تھا کہ ایمر جنسی کی صورت حال میں این ایس جی کمانڈو کی بروقت تعیناتی کے لئے ملک بھر میں مختلف مقامات پر این ایس جی مراکز کا قیام کیا جائے گا۔اسی سلسلے میں یہ مرکز بنا یا گیا ہے ۔این ایس جی کمانڈو نے ممبئی حملے کے دوران اپنی بہادری ، مہارت اور ہنر مندی کا ثبوت دیتے ہوئے خونخوار دہشت گردوں کو مار گرا یا تھا ۔این ایس جی وزارت داخلہ کے ماتحت ایک خصوصی کمانڈو فورس ہے ۔ جس کا قیام آپریشن بلیو اسٹار اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد کیا گیا تھا ۔ اس کا استعمال بطور خاص دہشت گردانہ مخالف کاروائیوں کے لئے کیا جاتا ہے ۔یو این آئی ۔