راجرفیڈرر بنے نمبر1

نئی دہلی/ کلے کورٹ کے بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال کی میڈرڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کا سیدھا فائدہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو ملا جو کلے کورٹ سیزن سے باہر رہنے کے باوجود دوبارہ نمبر ایک کھلاڑی بن گئے جبکہ نڈال دوسرے مقام پر کھسک گئے ۔سابق نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ گزشتہ 12 برسوں میں اپنی بدترین درجہ بندی پر پہنچ گئے ہیں۔ اپنے 20 گرینڈ سلیم خطاب میں محض ایک بار فرانسیسی اوپن کا خطاب جیتنے والے فیڈرر خود کلے کورٹ سیزن سے باہر رکھتے ہیں، اور اس بار بھی انہوں نے ایسا ہی کیا ہے ۔فیڈرر کا اس سیزن میں آخری ٹورنامنٹ میامی اوپن تھا جو 18 مارچ سے کھیلا گیا تھا۔ 36 سالہ فیڈرر اس ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ میں بائی ملنے کے بعد دوسرے دور میں آسٹریلیا کے تھناسي کوکناکس سے شکست کھا کر باہر ہو گئے تھے ۔ سوئس ماسٹر نے اس شکست کے بعد سے کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیلا ہے ۔لیکن میڈرڈ اوپن میں نڈال کی ہار کا فیڈرر کو درجہ بندی میں فائدہ ملا۔فیڈرر اس سیزن میں آخری بار 19 مارچ کو نمبر ون تھے ، تب انہوں نے اپنا چوٹی کا مقام نڈال سے گنوایا تھا۔فیڈرر اب جون میں اسٹٹ گارڈ اوپن سے کورٹ پر واپسی کریں گے اور خود کو سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن کے لیے تیار کریں گے ۔  میڈرڈ اوپن میں نڈال کو ہارنے کا رینکنگ پوائنٹس میں بھی نقصان ہوا ہے اور اب ان کے 7950 پوائنٹس ہیں جبکہ فیڈرر کے 8670 پوائنٹس ہیں اور دونوں کے درمیان 720 پوائنٹس کا فاصلہ ہے ۔میڈرڈ اوپن کا خطاب جیتنے والے جرمنی کے الیگزینڈر جویریو کے 6015 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور ان کا تیسرا مقام بنا ہوا ہے ۔ اس سال مسلسل خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے جوکووچ کو میڈرڈ اوپن میں جلدی باہر ہونے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ چھ مقام گر کر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جو 2006 کے بعد سے ان کی سب سے خراب درجہ بندی ہے ۔12 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن سربیا ئی کھلاڑی نے اپنی مسلسل خراب کارکردگی کے بعد حال میں اپنے کوچ آندرے اگاسی سے ناطہ توڑ لیا تھا لیکن اس کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ملا اور میڈرڈ اوپن میں وہ دوسرے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئے ۔ خواتین میں تیسری بار میڈرڈ اوپن کا خطاب جیتنے والی جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویتووا کو دو مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو ٹاپ مقام بنا ہوا ہے ۔فائنل میں کویتووا سے ہارنے والی ہالینڈ کی کیکی برٹنس نے پانچ مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 15 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔