پرویز خان
منجا کوٹ //سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے راجدھانی تا لمبی پڑی رابطہ سڑک گزشتہ 10برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے حد متارکہ کے نزدیکی علاقہ میں رہائشی پذیر وسیع آبادی کو مشکل وقت میں آمد ورفت کے سلسلہ میں کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایک لمبے عرصہ سے حد متارکہ کے نزدیکی دیہات میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے شروع کر دہ پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیساتھ ساتھ ملازمین و سکولی بچوں کو مشکل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین و ٹھیکیدار کی ملی بھگت کی وجہ سے کام کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ سڑک انتہائی خستہ حال ہو چکی ہے ۔غور طلب ہے کہ کئی دیہات کیلئے مذکورہ رابطہ سڑک آمد ورفت کا واحد ذریعہ ہے جبکہ سڑک اس وقت بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ علاقہ میں جانے والے ٹرانسپورٹر بھی پریشان ہیں ۔پنچایتی اراکین و مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین و کام چور ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لا کر مذکورہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات مل سکیں ۔