راجباغ میں ہولناک آگ

سرینگر// راج باغ سرینگرمیں آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچاجبکہ عمارت میں موجود سرینگر میل نامی اخبار کادفتر مکمل طورپرخاکستر ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق عبداللہ برج کے قریب واقع انصاری لین میں جمعرات کودن کے گیارہ بجکر 45 منٹ پرایک چار منزلہ نجی رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے آگ کے شعلے نمودار ہوئے۔اس چار منزلہ نجی عمارت میں کئی دفاتر جن میں اخبار کا دفتراور کئی کنبے کرایہ پر مقیم تھے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اس عمارت میں مقامی اردوروزنامہ’سرینگر میل‘کادفتر سمیت دیگرنجی دفاتربھی موجود تھے۔آتشزدگی کی اس واردات میں مذکورہ اخبارکا دفتر میں موجود اہم دستاویزات اور کمپیوٹر سمیت دیگر آلات مکمل طور خاکستر ہوگئے۔اس موقع پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی متعدد آگ بجھانے کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ آگ بجھانے کے کوششوں کے دوران فائر مین ارشد احمد بیلٹ نمبر 2343 زخمی ہوگیا جسے علاج کیلئے صدر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی عمارت کی تیسری اور چوتھی منزل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ لاکھوں روپئے مالیت کی املاک تباہ ہوگئی۔ادھر صحافتی برادری نے آتشزدگی کی واردات میں مقامی روزنامہ ’سرینگر میل‘ کے مالک ومدیراعلیٰ فاروق احمد کوہوئے نقصان پرسخت دکھ کا اظہار کیا ہے۔انجمن اردوصحافت جموں وکشمیر نے اپنے ایک بیان میں انجمن سے وابستہ معززممبراورروزنامہ’ سرینگر میل‘ کے دفترمیں آگ کی ہولناک واردات میں خاکستر ہونے پرسخت دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے۔انجمن کے عبوری نظم نے متاثرہ ساتھی کے ساتھ مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہار کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ صحافی کوہوئے بھاری نقصان کافوری ازالہ کرنے کے لئے اندازہ لگاکر اْن کی بازآبادکاری کامعاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لایاجائے۔