درہال//پروڑی علاقے کو درہال صدردفتر سے جوڑنے والی سڑک ایک بھاری پسی گرآنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کیلئے بند ہوگئی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بارش کی وجہ سے روڈ پر بھاری پسی گرآئی جس کے نتیجہ میں کئی میٹر کا علاقہ کھسک گیا اور اس کا ملبہ سڑک پر گرا۔ذرائع نے بتایاکہ اس سے سڑک کو شدید نقصان پہنچاہے جس پر اب مرمت ہونے تک گاڑیاں نہیں چلائی جاسکتی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ پسی رات کو پڑی جس کے بعد سے اب تک روڈ ٹریفک کیلئے بند ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کاسامناہے اور ان کے معمولات زندگی متاثرہورہے ہیں۔ایک مقامی شخص نے بتایاکہ لوگ اب پیڑی۔پروڑی سڑک کا استعمال کرکے درہال آجارہے ہیںجو بہت طویل سفر ہے ۔اس دوران محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے افسران کی ایک ٹیم نے بھی موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور مرمت کاکام شروع کردیاگیاہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ دودنوں میں سڑک سے ملبہ ہٹانے کی امید ہے جبکہ کچھ متبادل انتظامات کرکے سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں ۔وہیں مقامی لوگوں نے حکام اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ سڑک سے ملبہ ہٹاکر اسے جلد سے جلد ٹریفک کیلئے بحال کیاجائے کیونکہ انہیں روڈ بند رہنے کی وجہ سے کئی کلو میٹر کااضافی سفر طے کرناپڑتاہے ۔