رابطہ پل کی حفاظتی دیواریں 1دہائی بعد بھی تعمیر نہ ہو سکی

مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے لگ بھگ ایک دہائی قبل ایک رابطہ پل تعمیر کروایا گیا تھا لیکن آج تک اس کی حفاظتی دیواریں تعمیر نہیں کی جاسکی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیاں و مکینوں کو پل عبور کرتے ہوئے حادثے کا خدشہ رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے لگ بھگ دس بر س قبل علاقہ کے پھنگالی نالے پر ایک پل کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی تاکہ مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ ٹریفک کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہو سکے لیکن محکمہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ابھی تک اس پل کے کناروں پر کوئی حفاظتی دیوار تعمیر نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ رات کی تاریکی میں چلنے والی مسافر گاڑیوں کیساتھ ساتھ مالبردار و موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پل کے کناروں پر حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بھی اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعمیر ات عامہ کو پل کو پُر حفاظت بنانے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔