رائے پور دومانہ میں اپنی پارٹی کا عوامی اجلاس

دومانہ //اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے انتظامیہ پر رائے پور دومانہ حلقہ میں سماج کے کمزور اور غریب طبقہ جات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔چک بھلوال کے محلہ بھگتاں میں منعقدہ ایک عوامی میٹنگ ، جس کا اہتمام ریاستی ایس سی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت نے کیاتھا، سے خطاب کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے کہاکہ ایس سی طبقہ کے لئے ترقی ابھی بھی دیرینہ خواب ہے۔ سڑکوں کی حالت خستہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ ایس سی طبقہ کے ساتھ امتیاز برت رہا ہے جن کی سماجی واقتصادی بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ِ ہند نے سماج کے نظر انداز طبقہ کی بہبودی کے لئے کئی اسکیمیں لانچ کی ہیں لیکن اِن کا فائیدہ زمینی سطح پر مستحقین کو نہیں مل رہا۔ پانی وبجلی جیسے مسائل حل نہیں ہورہے۔ اس دوران اپنی پارٹی یونین صدر اعجاز کاظمی، بودھ راج بھگت نے بھی خطاب کیا۔