ذوالفقار کی مرکزی وزیر سیاحت سے ملاقات

 نئی دہلی //خوراک اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے نئی دہلی میں سیاحت کے مرکزی وزیر مملکت مہیش شرما کے ساتھ ملاقات کر کے پیر پنچال میں 7 جھیلوں کو فروغ دینے اور راجوری پونچھ خطے میں ہیری ٹیج ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی مانگ کی ۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے 5 صفحات پر مبنی ایک میمورنڈم مرکزی وزیر کو پیش کیا جس میں راجوری پونچھ حلقے میں سیاحتی امکانات تلاش کرنے کی تفاصیل درج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں 7 جھیلیں ہیں جنہیں فروغ دینے سے سیاحت کے امکانات بڑھیںگے ۔ ان میں ندنسر ، چندن سر ، سکھ سر ، باغ سر ، اکل دکشنی ، نیل سر اور گمسر شامل ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ ان جھیلوں کو سیاحتی سرکٹ پر لانے سے علاقے میں سیاحت کے ساتھ ساتھ اقتصادیات کو بھی کافی فروغ ملے گا ۔ انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی سرکار سے خصوصی پیکیج طلب کیا ۔ وزیر نے کہا کہ ریاست میں یہ معاملہ پہلے ہی گذشتہ سال دسمبر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اٹھایا جنہوں نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی دی ۔ مذہبی سیاحت کے حوالے سے وزیر نے خطے میں پلگرم ٹورسٹ سرکٹ شروع کرنے کی مانگ کی تا کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں زیارت گاہوں تک رابطے کو بہتر بنایا جا سکے ۔ وزیر نے راجوری پونچھ اضلاع کیلئے علیحدہ ہیری ٹیج ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا معاملہ بھی مرکزی وزیر کے سامنے رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کئی ثقافتی مقامات ہیں جنہیں فروغ دینے کی ضرورت ہے تا کہ علاقے میں ہیری ٹیج سیاحت کو نئی جہت مل سکے ۔ وزیر نے خطے میں ایڈوینچر ٹورازم کیلئے خصوصی پیکیج فراہم کرنے کی بھی مانگ کی ۔ مہیش شرما نے تمام مطالبات کے حل کیلئے ہر ممکن مدد کی ریاستی وزیر کو یقین دہانی دی ۔