ذرائع ابلاغ کو تفصیلات نہ بتائیں

سرینگر //جموں و کشمیر سرکار نے دونوں صوبوں کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، پرنسپل جی ایم سی جموں و سرینگر، ڈائریکٹر سکمز صورہ اور پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی تشخیص کے حوالے سے میڈیا کو کوئی بھی جانکاری فراہم نہ کریں۔کمشنر سیکریٹری ہیلتھ کی جانب سے جاری کئے گئے سرکاری حکم نامہ زیر نمبر (No. PS/FCH/H&M/COVID-19/ 2020/02/sgr) بتاریخ 15جولائی 2020میں لکھا گیا ہے’’  یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ تمام طبی ادارے میڈیا کو کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کے بارے میں ازخود تفصیلات دیتے ہیں جسکی وجہ سے جموں و کشمیر کی تشخیصی لیبارٹریوں میں ہونے والے تشخیصی ٹیسٹوں کی تعداد کے بارے میں انتشار پیدا ہوتا ہے‘‘۔ حکم نامہ میں مزید بتایا گیا ہے ،’’ اسلئے تمام طبی اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ازخود کورونا وائرس یا تشخیصی ٹیسٹوں کے بارے میں میڈیا کو کوئی بھی جانکاری فراہم نہ کریں اور اپنی رپورٹیں صرف ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن کو بھیجیں تاکہ روزانہ جاری ہونے والی رپورٹ جلد مکمل کی جاسکے۔