د و روزہ بھدرواہ فیسٹول کا افتتاح

بھدرواہ //وزیر سیاحت و ثقافت پریہ سیٹھی نے دو روزہ بھدرواہ سیاحتی و ثقافتی فیسٹول2017کا افتتاح کیا۔بھدرواہ جسے چھوٹا کشمیر کے نام سے بھی پکارتے ہیں،صوبہ جموں میں سیاحتی مقام کے طور اُبھرا ہے۔اس دورزہ سیاحتی فیسٹول میں شرکت کرنے کے لئے نہ صرف ریاست کے بلکہ بیرون ریاست کے لوگ بھی پہنچنا شروع ہوئے ہیں۔بھدرواہ کی وادی میں پہاڑوںکے دامن کے نیچے یہ فیسٹول منایا جا رہا ہے ،جو کہ سر سبز سیر گاہوں اور چشموں کے لئے مشہور ہے۔بعض قلم کار اسے ’’بھارت کا سوئزر لینڈ‘‘ بھی کہتے ہیں، جموں کے شمال میں200کلو میٹر کی دوری پر سطح سمندر سے5000فُٹ کی بلندی پر واقع ہے۔وادی دیو دا ر کے بڑے بڑے درختوں اور برفیلے پہاڑوں سے گری ہوئی ہے۔اس خطہ کے شاندار تمدن اور ثقافت کی وجہ سے سیاح اس وادی کی طرف تیزی سے راغب ہو رہے ہیں۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کہا کہ ریاست میں امن بحال ہونے اور مرکزی سرکار کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے ئے لانچ کی گئی کئی فلیگ شپ سکیموں کی وجہ سے جموں خطہ میں سیاحت کا شعبہ فروغ پا رہا ہے،خصوصاً بھدرواہ میں جہاں پر گُذشتہ چار مہینوںمیں تقریباً4 ۔لاکھ سیاح وادی وارد ہوئے ہیں۔ریاست میں سیاحت کے شعبہ کے شاندار مستقبل کی توقع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف نوعیت کے کیمونکیشن نیٹ ورک سیاحت کے فروغ کے لئے لازمی ہے، جس میں بھدرواہ کیلئے آگے اچھے دن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ کے علاوہ عنقریب ہی بھدرواہ کے لئے کم شرحوں پر ہوائی سروس شروع کی جارہی ہے کیونکہ گاہکوں کو فقط 25 فیصد ادا کرنا ہوگا جبکہ75 فیصد سرکار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسے یقینی طور سیاحت کو فروغ ملے گا۔پریہ سیٹھی نے اس موقعہ پر کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو مرحوم مفتی سعید کی جانب سے بھدرواہ کو ایک اولین سیاحتی مقام بنانے کے وعدہ کی یاد دلائیں گے اور کہا کہ مُجھے یقین ہے کہ وہ مرحوم مفتی سعید کے خواب کو پورا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال سے بھدرواہ میں گلمرگ کے طرز پر سرمائی کھیلیں منعقد کی جائیںگی۔افتتاحی تقریب میں شامل لوگوں میںایم ایل اے بھدرواہ دلیپ پریہار، پی ڈی پی خواتین سیل کی ضلع صدر نگہت چودھری ، ڈی سی ڈوڈہ بھوانی سنگھ رکوال، سی ای او بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بال کرشن۔ جنتا دل(ایس) کے ریاستی صدر مست ناتھ یوگی اور عارف رانا بھی موجود تھے۔نظامت کے فرائض نامور دانشور عارف رانا اور کُسم ٹکو نے انجام دئے۔