دیہی علاقوں کی بھلائی کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت :ٹاک

 کشتواڑ//دیہی آبادی کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،تاکہ یہ لوگ بھی دیگر لوگوں کی طرح ترقی کر سکیں۔ ان باتوں کا اظہار ایم ایل سی فردوس احمد ٹاک نے کشتواڑ ضلع کے واڑون علاقوں کے افتی، چوئی درمن، باسمینا،برین اور انشان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لوگوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے واڑون ،مڑواہ اور دچھن علاقوں میں ترقی کے فقدان کے مسائل سے نمٹنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی مانگ کی ہے۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے متعدد عوامی شکایات ازالہ کیمپ بھی منعقد کئے۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران زمینی سطح پر انتظامیہ کی عدم دستیابی پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ علاقہ میں کئی اہم محکمے بیکار ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کسی سرکاری سینئر افسر کو علاقہ میں صحت۔صحت عامہ ،زراعت اور محکمہ امور صارفین و رسدات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بھیجنے کی اپیل کی ہے، تکہ دیہی آبادی کے مسائل کا فوری حل ہو سکے۔