جموں// انٹی کورپشن بیورو نے محکمہ دیہی ترقی بلاک وا ڑون (کشتواڑ) میں کاموں کی تکمیل کے بغیر ہی جعلسازی سے رقوم نکالنے کے ایک معاملہ میں محکمہ کے افسران اور مستفیدین کیخلاف مقدمہ درج کرکے تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔یہ معاملات مالی سال2018-19کے ہیں۔بیان کے مطابق کیس بلاک واڑون کے اُس وقت کے بی ڈی او سید طارق سہراوردی ولد ایم اے سہراوردی ساکن ڈوڈہ،سابق بی ڈی او ریاض احمد لون ولد عبدالغفار لون ساکن یوردا مڑواہ کشتواڑ،اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرآر ای ڈبلیوکشتواڑ اشوک کمار ولد روپ کمار ساکن پوچھال کشتواڑ،سابق ٹکنیکل اسسٹنٹ بلاک واڑون ہارون رشید ولد عبدالرشید ساکن ہولر کشتواڑکے علاوہ اس جعلسازی کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے شہریوںمحمد رجب ولد جمال راتھر ساکن افتی وارڈون،غلام قادرراتھرولد حبیب راتھر ساکن افتی ،محمد فاروق حجام ولد عبدالعزیزساکن انشن،ولی محمد لون ولد عبدالعزیز کوکا ساکن افتی ،شبنم فاروق دختر فاروق احمد ساکن انشن و دیگران شامل ہیں۔بیان کے مطابق یہ مقدمہ ان الزامات کے بعد اچانک تلاشی کارروائی کے بعد درج کیاگیا جن الزامات میں کہاگیاتھا کہ بلاک وارڈون کے ملازمین اور افسروں ،مستفیدین اور دیگران نے 2019میں26لاکھ90ہزار985روپے کی رقم کا غلط طریقے سے ایسے کاموں کے عوض خرد برد کیا ہے جو یاتو سرے سے ہوئے ہی نہیں ہیں یا کم قلیل ہی ہوئے ہیں۔ڈوڈہ اور کشتواڑ میں ملزم سرکاری ملازمین کے گھروں میں خصوصی جج انسداد بدعنوانی عدالت ڈوڈہ سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد تلاشی لی گئی۔اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دیہی ترقی واڑون بلاک میں 27لاکھ روپے کا خرد برد
