دیوسر کولگام میں اپنی پارٹی زونل صدر کی ہلاکت

 سرینگر//اپنی پارٹی کے سینئرنائب صدر غلام حسن میر نے سیاسی کارکنوں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق غلام حسن میر نے پارٹی کے دیگراعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مقتول پارٹی ورکرغلام حسن لون کے گھر جاکرلواحقین کی تعزیت پرسی کی۔بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بے رحم اور غیر انسانی واقعات سے صرف سماج دشمن عناصر کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے جو ہمیشہ جموں وکشمیر میں امن عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہماری جماعت کے ساتھی غلام حسن لون کا بہیمانہ قتل انتہائی قابل ِ مذمت ہے اور تشدد کسی بھی صورت میں قابل ِ قبول نہیںہے۔انہوں نے کہاکہ کب تک لوگ خاموش رہیں گے۔ اس طرح کے بے حس تشدد کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ غلام حسن لون ہمیشہ لوگوں کی خدمت کرنے میں سر ِ فہرست رہے اور آج مقامی لوگ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک دوست کھویا‘‘۔ پارٹی سنیئرنائب صدر نے حکومت پرزور دیا ہے جموں وکشمیر بھر میں سیاسی کارکنان کی سیکورٹی کا جائزہ لیاجائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بدقسمت واقعات کو روکا جاسکے۔میر نے سیکورٹی چوک کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس کی وجہ سے غلام حسن لون کی ہلاکت ہوئی۔ مقتول کے اہل خانہ کے مطابق انتظامیہ کو بارہاکہنے کے باوجود اُنہیں ضروری سیکورٹی کور فراہم نہیں کیاگیاتھا۔میر نے کہاکہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر تمام کارکنان جوکہ لوگوں کے مسائل ومشکلات کو حل کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، کوسیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ غیر معمولی اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ کسی کی زندگی کے ساتھ سمجھوتہ نہ ہو، پولیس انتظامیہ کو اجلاس طلب کے جن جن کو سیکورٹی خطرہ لاحق ہے، کا جائزہ لیاجائے اور اُن کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے جائیں۔پارٹی قیادت نے دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے غمزدہ کنبہ کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کیا  اور مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی ۔
 

سیاسی اختلافات پر کسی کو قتل کرنا ناقابل قبول:نیشنل کانفرنس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی پارٹی کے زونل صدر غلام حسن لون ساکن دیوسر کولگام کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر کسی کو ابدی نیند سلادینا پوری انسانیت کا قتل ہے۔ لیڈران نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کے پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنکی توفیق عطا فرمائے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی واقعہ کی مذمت کی ہے۔
 
 

سیاسی کارکناں کی ہلاکتیں،حکومت کی دعوئوں پرسوالیہ:پردیش کانگریس

سرینگر//وادی میں سیاسی لیڈران کی ہلاکتوںپر کانگریس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ حکومت کے دعوئوں پر سوالیہ نشان ہے ۔میر نے کہا بی جے پی سرکار دعویٰ کر رہی ہے 370دفعہ کے خاتمے کے بعد حالات بہتر ہوئے ہیں۔ کے این ایس  کے مطابق جموں و کشمیر کانگریس پارٹی کے صدرغلام احمد میر نے کہا کہ حکومت ہر فورم پر دعوے کر رہی ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات بہتر ہوئے ہیں لیکن سیاسی کارکنوں کی ہلاکتیں ان دعوئوں کو کھوکھلا ثابت کر رہی ہیں۔سرینگر میں کانگریس پارٹی کے صدر دفتر پر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے 77ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران غلام محمد میر نے کہا ، ’’سیاسی کارکنوں کی ہلاکتیں حکومت کے دعوئوں پر بڑا سوال ہے۔‘‘کانگریس کا کہنا تھا کہ بی جے پی سرکار سیاسی حریفوں اور اُن کی حکومت کو تنقید کرنے والوں کا گلا گھونٹ رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگرس نے ملک میں جمہوری اقدار کی بساط ڈالی تھی لیکن بی جے پی جمہوریت کا قلع قمع کر رہی ہے۔میر نے افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کی صورتحال سے متعلق کہا ، ’’موجودہ حکومت نے افعانستان میں کافی پیسہ خرچ کیا ہے لیکن موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو لوگوں کے سامنے اپنی پالیسی واضح کرنی چاہیے۔‘‘ 
 
 

نیارجحان انتہائی خطرناک:عمرعبداللہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے جنگجوئوں کی جانب سے قومی دھارے میں شامل سیاسی لیڈروں کونشانہ بنانے کے نئے رُجحان کوانتہائی تشوشناک قرار دیاہے ۔ کے این ایس کے مطابق کولگام کے دیوسر علاقہ میں جمعرات کواپنی پارٹی کے زونل صدر غلام حسن لون کی مشتبہ جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے کہاکہ جنگجو تنظیموں کے ذریعے قومی دھارے کے سیاستدانوں کو نشانہ بنانے کا نیا رجحان انتہائی تشویشناک ہے۔عمرعبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا،’’جنوبی کشمیر کے دیوسر علاقے میں غلام حسن لون کے قتل کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا‘‘۔انہوں نے آگے لکھاکہ جنگجو تنظیموں کے ذریعے قومی دھارے کے سیاستدانوں کو نشانہ بنانے کا یہ نیا رجحان انتہائی تشویشناک ہے اور میں اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ اللہ مرحوم کو جنت نصیب کرے۔
 

اپنی پارٹی کے بلاک صدر قاضی گنڈ مستعفی

یواین آئی
 
سری نگر// اپنی پارٹی کے بلاک صدر قاضی گنڈ سمیر احمد خان نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ان کا یہ فیصلہ ضلع کولگام کے دیوسر میں ’اپنی پارٹی‘ کے کارکن غلام حسن لون کی مشتبہ جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے ۔انہوں نے جمعے کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا،’’میرا نام سمیر احمد خان ہے ۔ میں قاضی گنڈ کا رہنے والا ہوں۔ میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی کا بلاک صدر تھا۔ میں نے اب اپنی پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’آج کے بعد میرا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ میں اپنی عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ اگر مجھ سے کوئی غلطی سرزد ہوئی ہے تو مجھے معاف کریں۔ میں مستقبل میں کسی بھی جماعت میں شمولیت نہیں کروں گا‘‘۔ جنوبی کشمیر میں سیاسی کارکنوں کی 'ٹارگٹ کلنگز' کے واقعات میں اچانک اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔جنوبی کشمیر میں گزشتہ دس دنوں کے دوران کم از کم چار سیاسی کارکنوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں سے تین کا تعلق بی جے پی جبکہ ایک کا تعلق اپنی پارٹی سے ہے۔