دیوالی کا تہوار آج

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک، نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، کے وجے کمار ، بی بی ویاس اورپنتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن ، خوشحالی اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔گورنر ستیہ پال ملک نے اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ یہ تہوار برائی اور جھوٹ پر اچھائی اور سچائی کی جیت کا ایک پیغام لے کر آتا ہے۔گورنر نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تہوار سے ریاست میں فرقہ وارانہ رواداری اور بھائی چارہ کی روایات مزید مستحکم ہوں گی جس کے لئے ریاست کے صدیوں سے جانے جاتے ہیں۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ریاست کے تینوں خطوں میں رہائش پذیر ہندوبرادری کو دیوالی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، انسانیت، پیار و محبت میں زندہ رہنے کا درس دیتے ہیں اور خاصکر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ میں زندگی گزارنے کی راہ دکھاتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے ریاست کے تینوں خطوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صدیوں کے بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور آپسی رواداری کی مشعل کو ہمیشہ فروزاں رکھنے کیلئے دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، ویوندر سنگھ رانااور اقلیتی سیل کے عہدیداران نے بھی دیوالی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاستی عوام کی خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ترقی اور امن کی نوید لے کر آئے گا۔گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے کہا ہے کہ ریاست میں سبھی تہوار امن اور بھائی چارے کے ماحول میں منائے جاتے ہیں ۔انہوں نے ریاست اور ملک میں امن اور بھائی چارے کی دُعاکی ہے۔گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے ریاست اور ملک میں امن و بھائی چارے کی دُعاکی ہے۔ نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے بھی دیوالی پر مبارکباددی ہے۔