دیرہ گلی روڈ 6روز سے بند

تھنہ منڈی//بھاری برفباری کے باعث تھنہ منڈی ۔سرنکوٹ براستہ دیرہ گلی روڈ پچھلے 6روز سے بند پڑی ہے ۔اگرچہ برف ہٹانے کاکام جاری ہے تاہم اس وقت تک بھی دیرہ گلی کے مقام پر دو سے ڈھائی فٹ برف جمع ہے ۔گریف حکام کے مطابق سڑک سے برف ہٹانے کاکام جاری ہے لیکن مختلف مقامات پر ڈھائی سے تین فٹ برف جمع ہے ۔انہوں نے بتایاکہ کافی کہرا ہے جس کی وجہ سے سڑک کو برف سے صاف کرنے میں مشکلات کاسامناہے ۔ واضح رہے کہ یہ روڈ راجوری اور پونچھ کے درمیان متبادل سڑک ہے جو بفلیاز کے مقام پر مغل روڈ کو بھی ملاتی ہے ۔ رواں موسم کے دوران یہ روڈ کئی مرتبہ بند ہوچکی ہے ۔چھ روز سے ٹریفک معطل رہنے کی وجہ سے تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامناہے اور انہیں آمدورفت کیلئے کئی کلو میٹر کا اضافی سفر طے کرناپڑتاہے جس کیلئے انہیں پہلے سرنکوٹ سے راجوری اور پھر تھنہ منڈی پہنچناپڑتاہے اور اسی طرح سے تھنہ منڈی سے سرنکوٹ یا بفلیاز جانے والے لوگ بھی طویل ترین سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس روڈ سے برف ہٹاکر اسے ٹریفک کیلئے بحال کیاجائے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ روڈ پہلے سے ہی خراب ہے اور اس کی کشادگی کا کام ابھی تک شروع نہیںہواجس کی مقامی لوگ کئی عرصہ سے مانگ کررہے ہیں۔