دیالگام میںشبانہ چھاپے، 5 نوجوان گرفتار

اننت ناگ+بانڈی پورہ+کپوارہ +سوپور//دیالگام اننت ناگ میں پولیس نے دوران شب  چھاپوں کے دوران پانچ نوجوانوں کو گرفتارکیا جبکہ ماور ہندوارہ اور حاجن بانڈی پورہ میں تلاشی آپریشن کئے گئے۔پولیس نے دیالگام میں منگل و بدھ کی درمیانی رات کئی رہائشی مکانوں پر چھاپے ڈالے اور پانچ نوجوانوں کو حراست میں لیا۔زبیر ناظم ،جاوید احمد آہنگر،مشتاق احمد شیخ ،واسق آہنگر اور راحیل احمد شیخ نامی نوجوانوں کو مبینہ سنگ بازی کے الزام کے تحت گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا گیاہے ۔پولیس نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نوجوان علاقہ میں مبینہ سنگ بازی میں ملوث ہیں ۔تاہم گرفتار نوجوانوں کے اہل خانہ نے پولیس الزام کو مسترد کرتے ہوئے گرفتار نوجوانوں کو بے قصور قرار دیا ۔ادھرجنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 13آر آر اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں دوران شب حاجن بانڈی پورہ کے سعدہ محلہ کوکو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن کیا ۔فوج نے ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کر د ئے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق کچھ ایک مقام پر کریک ڈائون کے دوران نہ صرف مردوں کو نوے کی دہائی کی طرح ایک ہی جگہ جمع کرکے ان کی شناختی پریڈ کروائی گئی بلکہ دوسری جانب رہائشی مکانوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔بعد میں تلاشی کارروائی صبح کے وقت اختتام کو پہنچی ۔ادھرکپوارہ کے آڈورہ ماور میں30آر آر نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر علاقہ کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کارروائی کی ۔ فوج کو خدشہ تھا کہ علاقہ میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ۔ گھر گھر تلاشی کارروائی کے علاوہ کھیت کھلیانو ں اور میوہ با غات کی بھی باریک بینی سے تلاشی لی گئی تاہم  دوپہر تک فوج کو کچھ بھی ہاتھ میں نہیں آ یا جس کے بعد فوج پر امن طور علاقہ سے واپس نکلی ۔اس دوران سوپور کے ہارون گائوں کے بالائی علاقوں میں بدھ کی شام فورسز نے تلاشی کارروائی شروع کی ۔22آر آر،سوپور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے جنگلوں سے گھرے ہارون گائوں کا محاصرہ کیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بدھ کو دوسری بار فورسز نے  مذکورہ گائوںمیں تلاشی کارروائی کی ۔ایس ایس پی سوپور جاویداقبال نے بتایا کہ گائوں میں کچھ جنگجوئوں کی موجودگی کی ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدایک مشترکہ آپریشن شروع کیا ۔ شام دیر گئے تک آپریشن جاری تھا۔
 
 
 

شوپیان میں ہڑتال جاری

شاہد ٹاک
 
شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ کو مہلوک جنگجوئوں کی یاد میںتعزیتی ہڑتال رہی ۔شوپیان میںہڑتال کے سبب ضلع بھر میں معمولات زندگی متاثر رہے ۔جاں بحق جنگجوئوں ادریس احمد اور عامر امین کے حق میں دعائیہ وتعزیتی مجا لس کا اہتمام کیا گیا ،جن میں لوگوں کی کافی تعداد نے شرکت کی ۔ قصبہ سمیت ضلع میں دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے جبکہ بلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا ۔ جاں بحق جنگجوئوں کے حق میں آبائی علاقوں میں دعائیہ وتعزیتی مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔