دہلی کی ڈی سی اسلام خان کاانسانیت کے تئیں ایثار

 جموں//دہلی سے تعلق رکھنے والے آئی پی ایس آفیسر،ڈی سی پی اسلام خان نے جموں کے ایک ٹرک ڈرائیورکے پریوارکی کفالت کیلئے اپنی تنخواہ کے کچھ حصے کودینے کی پیش کش کرکے ایک روشن مثال قائم کیاہے۔ قابل ذکرہے کہ 42سالہ ٹرک ڈرائیورسردارمان سنگھ ،کو9جنوری 2018کوجہانگیرپوری میں نقب زنوں نے حملہ کرکے ہلاک کردیاتھا۔سردارمان سنگھ کاتعلق جموں وکشمیرکے آرایس پورہ جموں کے فلورہ گائوں سے تھاجوسرحدسے چندہی کلومیٹردورہے ۔سردار مان سنگھ اپنے ساتھ 80ہزارروپے بچت کے اپنے بھتیجے کی شادی کیلئے اپنے گائوں لارہاتھا،جب وہ ٹرک چلارہاتھا،اس پرچارنقب زنوں نے حملہ کردیا،اس نے بھی مقابلہ کیا،لیکن بالآخروہ تیزدھارہتھیاروں سے کئے گئے واروں کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،جہانگیرپوری پولیس نے سردارمان سنگھ کی نعش برآمد کی ۔سردارمان سنگھ کی اچانک موت سے اس کے کنبہ کوسخت دھچکالگااوراس کی کفالت کیلئے پریشانیاں آنے لگیں،ان پریشانیوں کومدنظررکھتے ہوئے دہلی کی ڈی سی پی اسلام خان نے سردارمان سنگھ کے اہل خانہ کی کفالت کیلئے اپنی تنخواہ کے کچھ حصے کوعطیہ کرنے کافیصلہ لیاہے جس سے متاثرہ کنبہ کی پریشانیوں سے نجات کی اُمیدنظرآئی ہے۔ڈی سی پی اسلام خان کو سردارمان سنگھ کی بہادری نے متاثرکیا۔میڈیاسے بات کرتے ہوئے اسلام خان نے کہاکہ مجھے نہیں پتہ یہ کیسے ہوا،لیکن مجھے سردارمان سنگھ کی بہادری نے ان کے کنبہ کی مددکیلئے تحریک دی۔بتایاجاتاہے کہ حادثے کے اگلے ہی دن سے اسلام خان متاثرہ کنبے کے رابطے میں تھی ۔اس نے سردارمان سنگھ کی بڑی بیٹی کے ساتھ بات کی اورماہانہ تنخواہ میں سے کچھ حصہ دینے کیلئے بنک اکائونٹ نمبر ودیگرتفصیلات دیں اورانہیں فروری مہینے سے امداددی ۔