دہلی میں گرفتار کشمیری جوڑے سے پوچھ تاچھ جاری

سرینگر //قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے جامع نگر دہلی میں گرفتار کشمیری جوڑے کی پوچھ تاچھ کی۔  یو پی آئی کے مطابق تفتیشی ایجنسی (این آئی اے )کی ٹیم نے جامع نگر دہلی میں گرفتار 35سالہ جہاں زیب اور اُس کی بیوی حنا بشیر کی آئی جی(این آئی اے )کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ٹیم نے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی اور اس دوران اُن سے اسلامک سٹیٹ کے بارے میں پوچھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق این آئی اے نے گرفتار جوڑے سے ملک میں سرگرم اسلامک سٹیٹ کے کارکنوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کو کہا ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کشمیری جوڑے کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے افراد کو بھی پوچھ تاچھ کے دائرے میں لایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں آنے والے دنوں کے دوران مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ دہلی پولیس کے مطابق کشمیری جوڑا مسلسل اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور ٹھوس ثبوت حاصل ہونے کے بعد ہی دونوں کو حراست میں لیا گیا ۔ دہلی پولیس سیل کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ کشمیری جوڑا سوشل میڈیا سائٹوں پر انڈین اسلامک یونائٹڈکے نام سے ایک ہینڈل چلا رہا تھا جس کے ذریعے وہ پروپیگنڈ اکر رہے تھے۔ دہلی پولیس کے مطابق کشمیری میاں بیوی کے قبضے سے چار موبائیل فون ، ایک لیپ ٹاپ ، ایک ہارڈ ڈسک اور دوسرا قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ دہلی پولیس کے ڈی سی پی پرمود کشوا کے مطابق دونوں سے مختلف ایجنسیاں پوچھ تاچھ کر رہی ہیں ۔