دہلی عدالت میں ٹیرر فنڈنگ کیس | 8 ملی ٹینٹوں کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری

نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے وادی میں دہشت گردی اور علیحدگی پسند سرگرمیوں کی فنڈنگ سے متعلق منی لانڈرنگ کے الزام میں حزب کے 8 مبینہ ملی ٹینٹوں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دائر درخواست پر غلام نبی خان، عمر فاروق شیرا، منظور احمد ڈار، ظفر حسین بٹ، نذیر احمد ڈار، عبدالمجید صوفی، مبارک شاہ اور محمد یوسف کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے۔ عدالت نے ای ڈی کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نتیش رانا کی طرف سے کی گئی عرضی کو نوٹ کیا کہ ملزمین کو 2013 میں ہی اشتہاری مجرم قرار دیا گیا تھا۔اس طرح، اس بات پر یقین کرنے کی معقول بنیادیں ہیں کہ نامزد ملزمان سمن کا جواب نہیں دیں گے۔ جج نے 7 فروری کو دیے گئے ایک حکم میں کہا کہ مذکورہ تمام ملزمان کے خلاف اگلی سماعت کی تاریخ کے لیے روسٹر جاری کریں۔عدالت نے ای ڈی کو یہ بھی ہدایت دی کہ چارج شیٹ کی کاپیاں، جو ایجنسی نے حال ہی میں دائر کی ہے، شفیع شاہ اور کیس کے دیگر ملزمان مشتاق احمد لون، مظفر احمد ڈار اور طالب لالی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل کو فراہم کی جائے۔عدالت نے جیل حکام سے 15 دن کے اندر رپورٹ بھی طلب کی جب مظفر احمد ڈار نے شکایت کی کہ انہیں متعلقہ حکام کی جانب سے اپنے اہل خانہ سے ای میل ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔عدالت اس معاملے کی مزید سماعت 30 مارچ کو کرے گی۔ای ڈی نے  2011 میں این آئی اے کے ذریعہ درج کی گئی ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ محمد شفیع شاہ اور ان کے ساتھی جموں و کشمیر میں سنسنی خیز دھماکوں کو انجام دینے میں ملوث تھے اور ان کے پاس سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے کہا کہ اس کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حزب المجاہدین، جو مبینہ طور پر کشمیر میں سب سے زیادہ سرگرم تنظیم ہے، جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے ذمہ دار رہی ہے، جس کی سربراہی سید صلاح الدین، راولپنڈی پاکستان اسکے کمانڈر ہیں۔