عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // راجوری ضلع میں آئے روز ملازمین کی مبینہ غفلت شعاری اور خراب مشینری کی وجہ سے کئی ایک جگہوں پر پانی کی سپلائی پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت دھیری ریلیوٹ لوہر میں قائم کردہ واٹر سپلائی سکیم میں آئی کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے گزشتہ 1ہفتے سے علاقہ میں پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ ملازمین و جل شکتی کے آفیسران کی جانب سے سپلائی کو بحال کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ہر سال اسوج کے مہینے میں عارضی ملازمین کی جانب سے مبینہ طورپر مشینری میں جان بوجھ کر خرابیاں کر دی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنے ذاتی کام کر سکیں ۔انہوں نے کہاکہ عارضی ملازمین کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے دو پنچایتوں کی عوام کو متاثر کیاجارہا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر برس ایک ہی ماہ میں مشینری کا خراب ہونا سمجھ سے بالا تر ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ پا نی کی سپلائی متاثر ہونے کی تحقیقات کر کے سپلائی کو بحال کیاجائے جبکہ برسوں سے ایک ہی جگہ پر تعینات ملازمین کی تبدیلی کیلئے بھی قاعدہ بنایا جائے تاکہ لوگوں کو بار بار پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔