دھیرج گپتا نے ڈل اور نگین جھیلوں کا دورہ کیا

سرینگر//پرنسپل سیکریٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا نے ڈل اور نگین جھیلوں کا تفصیلی دورہ کیااورانہوں نے وہاں چلائے جارہے کئی صفائی ستھرائی کے کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔پرنسپل سیکریٹری کے ہمراہ وائس چیئرمین جے کے لیک کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی اور سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئر ، ایگزیکٹیو اِنجینئران اور جے کے لیک کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ اَتھارٹی کے دیگر اَفسران بھی تھے۔پرنسپل سیکرٹری کو گذشتہ برس میںصفائی کے حوالے سے جھیل ڈل اور نگین جھیل میں کئے گئے کئی کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ۔ اُنہیں مزید جانکاری دی گئی کہ تقریباً 2.5 مربع کلومیٹر پر کنٹریکٹ ایجنسیوں کے ذریعے اور 0.25 مربع  کلو میٹر پر محکمانہ مشینری سے للی پیڈس / رادھوں کی نکالی جاچکی ہے۔اِس کے علاوہ ویڈ ٹرانسفر کرین ، خود سے چلنے والی بارج ، ڈمپ بارج ، ایکو اٹک فلوٹنگ گراب ڈریجر اور دیگر مشینیں جیسے بیک ہولوڈرس ، اعلیٰ صلاحیت کے ڈمپر اور فیول برائو زر سمیت مختلف مقامی ڈی ویڈنگ مشینیں منگوائی گئی ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ نشاط باغ کے سامنے ائیریٹرس نصب کئے گئے ہیں ۔ اِس کے علاوہ حبک سے ڈل گیٹ براستہ نشاط تک مؤثر نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم کی تنصیب بھی مرحلہ اوّل کے تحت کی گئی ہے اور اس کام کا دوسرا مرحلہ اگلے مالی برس میں ڈل گیٹ سے حبک تک این آئی ٹی سری نگر کے ذریعے شروع کیا جائے گا۔اِسی طرح ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے آٹھ کیچ منٹ ائیریاز میں چوڑے پتوں والے انواع کے 62,000 پودے اور 3,000 کانیفرس لگائے گئے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ مارچ 2022ء کے آخیرتک اِن کاموں کی الاٹمنٹ مکمل کی جائے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ آئندہ سیزن کے دوران جھیل ڈل کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔وائس چیئرمین نے کہاکہ جھیل ڈل کے ہائوس بوٹوں کے سیوریج نیٹ ورک کو ایس ٹی پی براری نمبل سے جوڑنے اور تیلی محلہ کی ڈریجنگ جیسے اہم کام بھی شروع کئے گئے ہیںجو آنے والے برس میں مکمل ہونے کی اُمید ہے ۔ اس کے علاوہ ایکشن پلان 2022-23 ء کے تحت کئی بڑے کاموں کے لئے ٹینڈرس پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کام بروقت شروع ہوجائیں۔