سرنکوٹ// سرنکوٹ دھڑا سموٹ و پوٹھہ لوہر رابطہ پل گزشتہ 7برسوں سے تعمیر ہی نہیں کیاجاسکا جس کی وجہ سے علاقہ کی ایک وسیع آبادی پیدل دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔2014میں آئے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنے والا پل پل تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد علاقہ مکینوں کیساتھ ساتھ طلباء کی ایک بڑی تعداد گزشتہ 7برسوں سے پیدل ہی دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔راہگیروں نے بتایا کہ گرمیوں میں لوگ کسی نہ کسی طرح سے دریائے سرن عبور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن برسات اور سردیوں میں دریا کو عبور کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ طلباء کی ایک بڑی تعداد سرنکوٹ و دیگر علاقوں میں قائم کر دہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کیساتھ ساتھ مریضوں کو مشکل وقت میں ہسپتال منتقل کرنے کے دوران عام لوگوں کی مصیبت میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ رابطہ پل کی مددسے کلر کٹل ،پمروٹ ،دھڑہ سموٹ ،لٹھونگ ،محلہ راتھراں و دیگر ملحقہ علاقوں کی عوام دریائے سرن عبور کر رہے تھے لیکن سیلاب کے بعد ابھی تک پل کی مرمت نہیں کی جاسکی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی تعمیر نو کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
دھڑا سموٹ ۔پوٹھہ لوہر رابطہ پل 7برسوں بعد بھی تعمیر کا منتظر
