دھوکہ دہی سے جیولر سے پیسے اینٹ لئے گئے | پولیس کی فوری کارروائی ،3افراد گرفتار،رقومات برآمد

کشتواڑ//کشتواڑ میں دھوکہ دہی سے ایک جیولر سے لاکھوں روپے اینٹ لینے والے کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کی تحویل سے پیسے برآمد کرلئے ۔پولیس کے مطابق ساجد علی زرگر (جیولور) ولد محمد اسحق زرگر ساکن ہڈیال کشتواڑ کے ذریعہ پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ 22-10- 2020 کو کسی نامعلوم شخص کے ذریعہ شکایت کنندہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا اورشکایت کنندہ کو سستے نرخوں پر سونا فروخت کرنے پر آمادہ کیا۔ اس کے مطابق ملزم کے ذریعہ درابشالہ میں5لاکھ روپے لانے کو کہا گیاجہاں پہنچنے پر اسے کسی جگہ منتقل ہونے کو کہا گیا۔ ملزمان کے دھوکے کو پاتے ہوئے شکایت کنندہ نے کشتواڑ کی طرف واپس جانے کی کوشش کی تاہم راستے میں اسے مجرمانہ ارادے سے زبردستی روک لیا گیا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ۔ملزم نے محنت کی کمائی کی رقم چھین کر لوٹ لی اور موقعہ سے فرار ہوگیا۔اس شکایت پر ایف آئی آر نمبر 201/2020 U / S 341/392/120-B / 506 / آئی پی سی تھانہ کشتواڑ میں درج کیا گیا اور ایس ایچ او کشتواڑ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم مامور کی گئی ۔پولیس ٹیم نے یٰسین وحید ولد عبدالوحید ،مزمل شبیر ولد شبیر احمد ساکنان تحصیل بھدرواہ ضلع ڈوڈہ کو گرفتار کیا جنہوں نے اس واقعہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ انہون نے اس معاملے میں خالد کوتوال ولد خورشید کوتوال ساکن ہڈیال کشتواڑ کے کردار کو بھی بیان کیا، جس نے بھتہ خوری کے واقعہ میں کلیدی کردار ادا کیا۔پولیس نے تینوں افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے پاس 10لاکھ روپے میں سے 3لاکھ روپے برآمد کرلئے ۔اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔