دھار گلون ۔سندوٹ بسونی سڑک انتہائی خستہ

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ کو آپس میں جوڑنے والی دھار گلون تا سندوٹ بسونی پانچ کلو میٹر سڑک انتہائی خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مرمت ہی نہیں کروائی گئی جس کی وجہ سے سڑک کی حالت انتہائی غیر معیاری ہوگئی ہے اور اب برساتی موسم میں گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو چکا ہے جبکہ کئی ایک جگہوں پر پڑے ہوئے کھڈے لوگ خود ہی بھرکر گاڑیوں کی رسائی ممکن بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک تحصیل بالاکوٹ کے وسیع سرحدی علاقوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے مفید ثابت ہورہی ہے تاہم اس کے باوجود متعلقہ حکام اس کی مر مت میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی مرمت کیلئے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی کو متحرک کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔