دھار گلون ۔بسونی سڑک پر غیر معیاری تار کول بچھانے کا الزام

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی تحصیل بالاکوٹ میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت دھار گلون تا بسونی رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کیاگیا ہے تاہم مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حدمتارکہ کے کئی دیہات کیلئے تعمیر ہوئی واحد رابطہ سڑک پر کئی برسوں کے انتظار کے بعد تار کول بچھانے کا عمل شروع کیاگیا تاہم محکمہ اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے انتہائی غیر معیاری تا ر کول بچھائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ عمل مسلسل جاری رہا تو کچھ ہی دنوں میں تار کول اکھڑ کر سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو جائے گی ۔غور طلب ہے کہ بالاکوٹ تحصیل میں آنے والی دھار گلون تا بسونی 5کلو میٹر سڑک حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں آبادلوگوں کیلئے سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر اور جموں مینڈھر سڑک کیساتھ جوڑنے کا واحد ذریعہ ہے لیکن سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے گزشتہ کئی عرصہ سے مقامی لوگ پریشان تھے لیکن گزشتہ دنوں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جائے سے تار کول بچھانے کا عمل شروع کیاگیا ہے جو کہ مقامی لوگوں کے مطابق انتہائی غیر معیاری ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بچھائی گئی تار کول کا معائینہ کر کے محکمہ کے تعینات ملازم اور ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔