کولگام // تحصیلداردمحال ہانجی پورہ کولگام کواُسوقت اسپتال منتقل کیاگیا ،جب انہوں نے ایک دکاندارکی جانب سے غلطی سے دی گئی پانی کی بوتل کے بجائے(ڈسٹل واٹر) بوتل سے کچھ گھونٹ پی لئے ۔دکاندار کوپولیس نے گرفتارکرلیا جبکہ تحصیلدار اسپتال میں زیرعلاج ہے ۔ تحصیلدار بدھ کی صبح ایک نزدیکی علاقہ میں خشخاس کی فصل تباہ کرنے کی ایک کارروائی انجام دلوانے کے بعدواپس اپنے دفتر آرہے تھے کہ راستے میں انہوں نے ایک دکاندار سے پانی کی بوتل مانگی۔ دکاندارنے جلدی میںغلطی سے تحصیلدارموصوف کوایسڈ (تیزاب) سے بھری بوتل تھمادی ۔صبح گیارہ بجے کاوقت تھا اورشدیدگرمی تھی ،تحصیلدار موصوف نے بوتل کوشاید ٹھیک سے نہیں دیکھا اورانہوں نے بوتل کاڈھکن کھول کراس میں موجودایسڈ(تیزاب)کے کچھ گھونٹ حلق سے نیچے اتارے ۔اسکے ساتھ ہی اسکے حلق میں جلن پیدا ہوئی اور انہیں فوری طور پرسب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا۔پانی کے بجائے ایسڈپینے والے تحصیلدارنیازاحمدبٹ نے بتایاکہ جب میری حالت کچھ خراب ہونے لگی تومیں ازخوداسپتال گیا۔انہوں نے کہاکہ اب میں مزیدعلاج کیلئے سری نگرجارہاہوں۔دریں اثناء کولگام پولیس نے تحصیلدار کوپانی کے بجائے ایسڈ کی بوتل دینے والے دکاندار کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیا ۔ دکاندارکیخلاف ایف آئی آرزیرنمبر60/2021 درج کیاگیاہے۔