دو مختلف واقعات میں2نوجوان ہلاک

ریاسی / / ضلع میں الگ الگ وارداتوں میں دو نو جوانوں کے موت کی اطلاع ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ضلع کے مہور سب ۔ڈویژن کے موضع لار میں اس وقت ایک 30سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا جب وہ برف سے پھسلن کی وجہ سے نیچے گر گیا۔متوفی کی شناخت بطور ذوالفقار و لد میر بیگ ساکن کائیڈورہ ،گلاب گڑھ کے ہوئی ہے،جو لدھ سے گلاب گڑھ کی جانب رواں تھا کہ برفیلی پہاڑی پر پھسلن کی وجہ سے وہ نیچے گر گیا اور شدید زخمی ہو گیا ۔اگر چہ مقامی لوگوں نے اسے سب۔ڈسٹرکٹ ہسپتال مہور لیجانے کی کوشش کی لیکن بد قسمتی سے وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ نوجوان موضع لدھ راشن لانے کیلئے گیا تھا اور واپسی پر برفیلی سڑک پر پھسلن کی وجہ سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا ،جو گُذشتہ ہفتہ سے برف سے ڈھکی ہوئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اس سڑک سے برف ہٹانے کی اپیل کی تھی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ گُذشتہ روز برف ہٹانے والی میشن نے اس سڑک کے کئی کلو میٹروں سے برف ہٹایا لیکن نا معلوم وجوہات پر بعدمیں کام بند کیاہے۔دریں اثنا، گھڑی علاقہ میں اس وقت ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا جب وہ ایک پہاڑی سے گر گیا ۔ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت رنجیت سنگھ ولد بہادر سنگھ ، عمر27سال،ساکن ہنڈر تحصیل ارناس ضلع ریاسی کے طور کی گئی ہے۔اطلاعا ت کے مطابق مذکورہ نوجوان گھڑی میں شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپسی پر اچانک پہاڑی سے پھسل گیا اور موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھا۔