دو سال قبل 7بہنوں کا اکلوتا بھائی قتل | گلگام کا غمزدہ کنبہ ہنوز انصاف سے محروم

کپوارہ// شمالی ضلع کپوارہ کے گلگام علاقہ میں دو سال قبل7بہنو ں کے اکلوتے بھائی عمر فاروق کو نامعلوم افراد نے اغوا کر نے کے بعد بے دردی سے قتل کیا اورابھی تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔لواحقین کے مطابق پولیس کمسن کے قاتلو ں کو گرفتار کرنے میں نا کام ہے ۔ عمر کی دو سری برسی پر جمعہ کو ان کے آ بائی گھر میں اُس وقت رقت آمیز منا ظر دیکھنے کو ملے جب اُس کی 7بہنیں روتے روتے نڈھال ہوگئیں۔ انہوں نے روتے بلکتے لیفٹیننٹ گور نرسے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی کے قاتلو ں کو گرفتار کرانے میں ذاتی مداخلت کریں۔ دو سال قبل 16جولائی کو عمر فاروق کو اپنے ہی گھر کے نزدیک اغوا کیا گیا تھااور3روز بعد لاش نالہ کہمل سے بر آمد کی گئی ۔غم سے نڈھال عمر کی والدہ اور 7بہنو ں کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں تب سے کوئی سکون نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ انہیں اس بات کا سخت دکھ ہے کہ دو سال گزرنے کے با جود بھی عمر کے قاتلو ں کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔