دوگلیارہ عبداللہ پُل اور یونیورسٹی سڑک کی تعمیر کو منظوری مل گئی

راجوری//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری نے راجوری کے ایک روزہ دورے کے دوران پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں مختلف محکموں کے سربراہوں اور ضلع انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں التوا میں پڑے اور دیگر بڑے پروجیکٹوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری فلوری کلچر محمدجاوید کے علاوہ دیگر کئی محکموں کے افسران اور انجینئر صاحبان موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد نے ضلع میںجاری مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت اور التوا میں پڑے کئی پروجیکٹوں کی صورتحال کے بارے میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسروں سے تلقین کی کہ وہ اعداد و شمار کے بجائے جامع نتائج حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی سیکٹر میں 77 پروجیکٹ التوا میں پڑے ہیں جن میں سے 16پُل اور باقی سڑک پروجیکٹ شامل ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ان تمام پروجیکٹوں پر کام شروع کیا گیا ہے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔صحت عامہ سیکٹر کا جائزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کے لئے 34سکیموں کو منظوری دی گئی ہے جن میں سے 28 کو 31؍ مارچ تک مکمل کیا جائے گا۔آبپاشی و فلڈ کنٹرول سیکٹر کے تعلق سے بتایا گیا کہ 13سکیموں کو منظوری دی گئی ہے ۔ محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر نے یقین دلایا کہ ان میں سے 9سکیموں کو 31مارچ تک مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تعلیم کے سیکٹر میں 10پروجیکٹ التوا میںپڑے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ایچ ای میکنیکل کے تحت 43سکیموں پر کام جاری ہے جن کو 31؍مارچ تک مکمل کیا جائے گا۔بنکروں کے تعلق سے میٹنگ میں بتایا گیا کہ راجوری ضلع میں 804انفرادی بنکر ہیں جن میں سے 53کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں اور 215کمیونٹی بنکروں میں سے 46 کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں جبکہ 8بنکروں پر کام جاری ہے۔ترقیاتی کمشنر نے راجوری میڈیکل کالج کے کام کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے لئے 139 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ یہ پروجیکٹ وقت مقررہ کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے ضلع میں اکلاویہ ماڈل رہائشی سکول اور ڈگری کالج کالا کوٹ کے کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے افسروں پر زو ردیا کہ وہ تمام پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کر کے پائیدا ر اثاثہ قائم کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے بڑے پروجیکٹوں بشمول گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ، بڑالا مانگ برج ، عبداللہ برج اور سرکیولر روڑ کی تکمیل کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔نوین کمار چودھری نے چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں معیاری تعلیم کو مزید بہتر بنانے پر خاص توجہ مرکوز کریں۔میونسپلٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر کو ضلع میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور ذبح خانوںکو قصبے سے باہر قائم کرنے کے لئے زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی۔نوین کمار چودھری نے عبداللہ برج کو دو گلیاروں والا بنانے اور یونیورسٹی روڑ کی تعمیر کے علاوہ پرانے اور نئے بس سٹینڈ میں میکڈم بچھانے ، جدید سٹریٹ لائیٹوں کی تنصیب ، ٹرانسفارمر بینک کو مزید بہتر بنانے ،پی ایچ ای میکنیکل ورکشاپ کے قیام ،جی ایم سی اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے درمیان رابطہ سڑک تعمیر کرنے ، محکمہ صحت عامہ کو مزید پانچ ٹینکر فراہم کرنے ، رہان سموٹ سے سورہ گالا برج ،رہان سے دار سکری اور مین روڑ سے شو گپھا تک سڑکوںکی تعمیر جیسے پروجیکٹوں کو منظوری دی ۔راجوری کے عوام نے ضلع کا دورہ کرنے اور کئی پروجیکٹوں کو منظوری دے کر لوگوں کے مطالبات پورا کرنے کے لئے نوین کمار چودھری کا شکریہ ادا کیا۔