دونوں سرحدی اضلاع میں بجلی کی سپلائی کئی گھنٹوں متاثر رہی

پونچھ +راجوری //خطہ پیر پنچال میں شروع ہوئی تازہ برفباری و بارش کے دوران دونوں سرحدی اضلاع میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی گئی ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں کئی گھنٹوں سے بجلی سپلائی متاثر ہونے سے عوام پونچھ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بجلی بند ہونے سے ضلع کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو طوفانی برف باری کے دوران شدید سردی کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجلی کا سپلائی نظام اس قدر خستہ ہو چکا ہے کہ موسم خراب ہوتے ہے سپلائی بند کر دی جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ لاک ڈون کے دوران بجلی سپلائی نہ ہونے سے گھروں میں مقید لوگوں کو کافی دشواری پیش آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی سپلائی نہ ہونے سے گھر وں کی موٹرین بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے گھر کی چھتوں پر رکھی گئی ٹینکیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔اس ضمن میں بجلی محکمہ کے افسران نے بتایا کہ بارش اور برفباری کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسلی لائن کو نقصان ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرمتی کاعمل شروع کر دیا گیا ہے ۔اسی طرح مینڈھر سب ڈویژن میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سے ہی بجلی غائب ہوگئی تھی اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک سپلائی کو بحال نہیں کیا گیا تھا ۔راجوری ضلع کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہے جس کی وجہ سے صارفین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بارش شروع ہوتے ہی بجلی منقطع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے عام صارفین کی پریشانی میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی سپلائی کو بحال رکھنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔