دوشیزہ پرتیزاب پھینکنے کے دلخراش واقعہ پر سیاسی وسماجی حلقے سیخ پا

 ملزموں کو عبرتناک سزا دی جائے:نیشنل کانفرنس

سرینگر//  نیشنل کانفرنس نے وانٹہ پورہ حول میں معصوم دوشیزہ پرتیزاب پھینکنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کوقرار واقعی اور عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔ پارٹی کی سٹیٹ سکریٹری و سابق وزیر سکینہ ایتو، خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس، صوبائی صدر کشمیر انجینئر صبیہ قادری اور سوشل میڈیا انچارج سارا حیات شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس گھناونے واقعے نے ہر ذی شعور ذہن اور حساس دل کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایام کے دوران جہاں صنف نازک کیخلاف مظالم میں انتہائی تشویشناک تک اضافہ ہوا ہے، وہیں تیزاب پھینکنے کے اس واقعہ نے حالات کی سنگینی کی عکاسی کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تشویشناک بات یہ ہے کہ پچھلے کچھ برسوں میں عورتوں کے ساتھ ظلم و ستم کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔عورتوں کے خلاف ان جرائم میں گھریلو جبر و تشدد، زیادتی،قتل،اغوا ،تیزاب گردی ، آتش زنی اور دیگر نوعیت کے کئی جرائم شامل ہیں۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ زمانہ جاہلیت میں عورت کا کوئی پرسان حال نہ تھا،اسکی تذلیل کے لئے اسکا عورت ہونا ہی کافی سمجھا جاتا تھا۔ اگر چہ اسلام کے غلبے کے ساتھ ہی عورت کی نہ صرف حالت بدلی بلکہ پہلی بار اس کو اس کااصل مقام نصیب ہوا۔لیکن موجودہ دورمیں زمانہ جاہلیت سے بھی بدتر واقعات رونما ہورہے ہیں اوران کا تدارک کرنے اور روک تھام کرنے کیلئے سماج کے ہر ایک زی حس ،باشعور اور صحیح سوچ رکھنے والے فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر کسی کو اپنے گھر سے شروعات کرنی پڑے گی۔ نیشنل کانفرنس لیڈران نے کہاکہ تیراب پھینکنے کے جیسے گھناونے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کیساتھ ساتھ بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت اور خواتین کی عزت کی ترغیب دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیاکہ متاثرہ دوشیزہ کا بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے اور اُسے سرکاری نوکری کے علاوہ بھر پور مالی مدد کی جائے۔ 
 

جہانگیر چوک میں پُرامن احتجاجی مظاہرہ

 سری نگر//منگل کی شام حول سری نگر میں ایک24سالہ لڑکی پر تیزاب پھینکے جانے کیخلاف سری نگر کے تاریخی جہانگیر چوک میں بدھ کو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرتکبین کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔بدھ کے روزجہانگیر چوک پر جمع ہونے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اُٹھائے ہوئے تھے ،جن پر مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ لکھاتھا۔اس احتجاج میں نوجوان لڑکے اورلڑکیاں شامل تھیں ۔انہوںنے کہاکہ جو کچھ بھی ہوا بہت غلط ہے۔ ایک لڑکی پر تیزاب سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس کی روح، شناخت اور چہرے کو نقصان پہنچا ہے۔مظاہرین کاکہناتھاکہ ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور قصورواروں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کرنے کے لئے یہاں احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ قوانین میں ترمیم کی جائے تاکہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔وائٹ گلوب نامی غیرسرکاری تنظیم سے وابستہ نوجوان مظاہرین نے کہاکہ ہم یہاں ایسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔
 

سماج پردھبہ:کانگریس

سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی نے سرینگرمیں ایک جوان لڑکی پرتیزاب پھینکنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔پارٹی نے اس حملہ کو سماج پرایک دھبہ قرار دیتے ہوئے ایسے واقعات کی روکتھام کرنے پرزوردیااورمطالبہ کیا کہ اس حملہ میں ملوثین کو کڑی سے کڑی سزادی جائے۔ایک بیان میں پارٹی نے اس واقعہ پر صدمے اور مایوسی کااظہار کرتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔پارٹی نے متاثرہ لڑکی کے ساتھ ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے اُس کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔بیان میں پارٹی نے جموں کشمیر پولیس کے ملزمین کو قلیل وقت میں گرفتار کرنے پر سراہنا کی۔
 

سماج میں اخلاقی پستی کامظہر:چیمبر

سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرشیخ عاشق نے صفاکدل میں ایک24سالہ لڑکی پر تیزاب حملہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں شیخ عاشق نے ایسے واقعات کوسماج کی اخلاقی پستی کامظہرقراردیااورکہا کہ نوجوانوں کے منشیات کی لت میں گرفتارہونااس کی اوردیگر غیراخلاقی سرگرمیوں کی وجہ ہے۔شیخ عاشق نے کہا کہ ایسے واقعات ہمارے سماجی تہذیب میں نہیں ہوتے تھے اور اس لئے اس سے ہرسو سماج کے سبھی طبقوں میں ناراضگی پھیل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حملے نے سماج کے ضمیر کو جھنجوڑ کررکھدیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس واقعہ میں تیزی سے انصاف فراہم کیا جائے گا،لیکن یہ وقت ہے کہ ہم سماج میں  نوجوانوں کی اخلاقی پستی کابھی جائزہ لیں۔انہوں نے چیمبر کی طرف سے متاثرہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا اورجموں کشمیر پولیس کے رول کی ستائش کی جوانہوں نے فوری طور ملزموں کو گرفتار کیا۔
 

مشن ڈائریکٹر وومنز ایمپاورمنٹ نے متاثرہ لڑکی کی عیادت کی

سرینگر//خواتین کی بااختیاری کے مشن ڈائریکٹر شبنم کاملی نے ایس ایم ایچ ایس اسپتال جاکر تیزاب حملے کاشکار لڑکی کی صحت کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے متاثرہ لڑکی کو فراہم کی جانی والی سہولیات کا جائزہ لیااوراس کے کنبے کو یقین دلایاکہ حکومت کی طرف سے انہیں ہرممکن امداد دی جائے گی۔ مشن ڈائریکٹر نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سماج کو پست کردیتے ہیں۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گزشتہ چھ ماہ میں دوسراایسا واقعہ ہے جس نے سماج میں خطرے کی گھنٹیاں بجائی ہیں اورخواتین کی عزت اور وقار کوبلند رکھنے کی اقدار کودلنشین کرنے کی اہمیت کواُجاگر کیا ہے۔ان کے ہمراہ ضلع سماجی بہبودافسراوردیگرحکام بھی تھے۔
 

یونیسیف کے اشتراک سے اساتذہ کی صلاحیت سازی کاپروگرام

جموں //یونیسیف اورٹاٹاانسٹی چیوٹ آف سوشل سائنس کے اشتراک سے سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (ایس سی ای آر ٹی) نے منگل کویہاں جموں کشمیرمیں اساتذہ کی صلاحیت سازی کے پروگراموں کاسلسلہ شروع کیا ۔20اضلاع 300شرکاء نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔یونیسیف انڈیا کے تعاون سے تیار کئے گئے ماڈیول کو سینٹرآف ایکسیلنس ان ٹیچرایجوکیشن نے نافذ کیا۔سی ای ٹی ای کی پروفیسرمیتھلی نے کورس کا تعارف کرایا اور شرکاء کو اس کے کلیدی جز وں کی تشریح کی۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی ،پروفیسرویناپنڈتا نے کہا کہ ایس سی ای آرٹی اساتذہ کوبااختیاربنانے میںصف اول پر کام کررہا ہے اور اس کے لئے متعددپروگرام چلا رہا ہے۔
 

میئر نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ متاثرہ کنبے کو دی

سرینگر//سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے میئر جنیدعظیم متو نے بدھ کو صدراسپتال سرینگر جاکرتیزاب پھینکے جانے کی شکار لڑکی کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور اپنی ایک ماہ کی تنخواہ متاثرہ کنبے کو دیتے ہہوئے یقین دلایا کہ وہ مکمل طوران کا ساتھ دیں گے۔ جموں کشمیرہائی کورٹ کی طرف سے بھیجے گئے ڈسٹرکٹ لیگل سروس ایڈ ٹیم  اورمشن ڈائریکٹرآئی سی پی ایس کی موجودگی میں لڑکی کے والدین کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے متاثرہ کنبے کو یقین دلایاکہ انہیں مکمل طبی،قانونی اور انتظامی امداد فراہم کی جائے گی اور لڑکی کاعلاج کررہے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اُسے بہتر سے بہترعلاج فراہم ہو۔ جنیدمتو نے ایس ایس پی سرینگر کی طرف سے بنائے گئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کیں جوانہوں نے ملزموں کو 24گھنٹوں میں گرفتار کیا اورکہا کہ یہ متاثرہ اوراُ س کے کنبے کو انصاف فراہم کرنے کا پہلااوراہم قدم ہے اوراس سے آئندہ ایسے واقعات کی روکتھام ہوگی۔میئر نے کہا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے درخواست کریں گے کہ وہ متاثرہ لڑکی کوملک میں بہترین علاج اوربحالی کیلئے مکمل مالی امدادفراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر کو لکھیں گے۔
 

گاندھی نگرجموں میں اپنی پارٹی کااحتجاج

متاثرہ لڑکی کو معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ

جموں//اپنی پارٹی خواتین ونگ نے سرینگر عثمانیہ کالونی حول میں ایک لڑکی پر ہوئے تیزا ب حملہ کے خلاف گاندھی نگر جموں میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔پارٹی خواتین ونگ صدر جموں نمرتہ شرما کی قیادت میں خواتین لیڈران وکارکنان پارٹی دفتر کے باہر جمع ہوئیں اور متاثرہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متشدد حملہ کیخلاف احتجاج کیا۔ نمرتہ شرما نے کہاکہ تیزاب حملہ انتہائی قابل ِ مذمت ہے اور ہم متاثرہ کنبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں جموں وکشمیر پولیس سخت قوانین کے تحت ملزمین کیخلاف کارروائی کرے گی تاکہ یہ دیگرا ن کے لئے درس ہو۔موصوفہ نے کہاکہ اِس واقعہ نے ہرکسی کو ہلاکر رکھ دیا ہے ، اِس بات کی اہم ضرورت ہے کہ نوجوانوں اور والدین کی کونسلنگ کی جائے توکہ وہ اپنے بچوں کا خیال رکھیں۔ اِس سے پہلے اُن کے ہاتھ سے سب کچھ باہر ہوجائے۔مظاہرین نے متاثرہ لڑکی کو معقول معاوضہ دینے اور ملزمین کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ادھراپنی پارٹی کی صوبائی صدردلشادشاہین نے عثمانی کالونی حول میں ایک لڑکی پرتیزاب پھینکے جانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اس حملہ میں ملوث ملزموں کو کڑی سزادینے کا مطالبہ کیا۔شاہین نے انتظامیہ پرزوردیا کہ وہ ایسے واقعات میں سختی سے کام لیں اورملزموں کوسخت سزادی جائے جنہوں نے معصوم لڑکی کی زندگی اور مستقبل کو تباہ کیا۔اپنی پارٹی وفد نے صوبائی صدرزنانہ ونگ دلشادشاہین کی قیادت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال جاکرمتاثرہ لڑکی کی حالت کے بارے میں جانکاری حاصل کی اورمتاثرہ خاندان کویقین دلایاکہ پارٹی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ کنبے کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔