دوشیزہ پرتیزاب حملہ انسانیت سوز:آغاحسن

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے سرینگر میں ایک جوان سال لڑکی پر سفاکانہ تیز ابی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوثین کے خلاف قرار واقعی قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ۔آغا حسن نے کہا کہ اس طرح کی درندانہ حرکات انسانیت سوزی کی بد ترین مثال ہے۔ آغاحسن نے ملوثین کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عدلیہ اس معاملے میں متاثر ہ لڑکی کو بھر پور انصاف فراہم کرے گی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے اس سانحہ کو ایک ناقابل برداشت سماجی جرم قرار دیا اور متاثر لڑکی کی جلد شفایابی کی دعا کی ۔وادی میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام تمام جمعہ مراکز پر ائمہ حضرات نے اس سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔آغاحسن نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ اور دیگر مذہبی تقاریب پر مسلسل قدغن پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال کشمیری مسلمانوں کے لئے نہایت تکلیف دہ اور باعث تشویش ہے ۔