بانڈی پورہ//بانڈی پورہ ضلع کے سرحدی تحصیل گریز میں بھاری برف باری جاری ہے جبکہ بانڈی پورہ سوناواری ،آلوسہ اوراجس تحاصیل میں بھی برف باری ہنوز جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی نگرانی میں ضلع انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک ہے۔اگرچہ تحصیل صدرمقامات کے علاوہ ضلع صدر مقام پر بھی ایمرجنسی کنٹرول روم قائم ہے تاہم ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ علی افسر خان اے ڈی سی ظہور احمد میر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو خورشید احمدنے ضلع کے اطراف واکناف کا دورہ کرتے ہوئے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ باندی پورہ اور سوناواری کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر ٹریفک کوبحال رکھنے کے لئے برف ہٹانے کی مشینیں صبح سے ہی کام پر لگی تھیں ۔ ایس ڈی ایم گریز مدثر احمد نے بتایا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر کی اندرونی سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ موسم میں بہتری آنے کے بعد دشوار گزار سڑکوں سے برف ہٹایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تلیل میں اڈھائی فٹ ،داور گریز میں دو فٹ ،بگتور سوا دوفٹ اور رازدھان ٹاپ پر ساڑھے چار فٹ برف اب تک ریکارڈ کی جاچکی ہے ۔ ادھر ویون کٹسن شمتھن آٹھوتو بانڈی پورہ میں ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔