دورجے کی الطاف بخاری سے ملاقات

جموں/ /امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر شیرنگ دورجے نے وزیر خزانہ سعید محمد الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات کی اور لداخ خطے میں کام کر رہے ملازمین کو اُن کے بنیادی تنخواہ کے دس فیصد کا خصوصی ڈیوٹی الاو¿نس اُن کے حق میں جاری کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دورجے نے وزیر خزانہ سے کہا کہ لیہہ اور کرگل کے دور دراز علاقوں میں کام کر رہے ملازمین کو دس فیصد ڈیوٹی الاو¿نس دینے سے متعلق اعلان بجٹ کے دوران کیا گیا تھا تا ہم اس حوالے سے ابھی تک محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ملازمین لیہہ اور کرگل ضلعوں کے دور دراز علاقوں میں کام کرنے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ان علاقوں میں فرایض کی انجام دہی کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعد میں وزیر خزانہ نے دورجے کو یہ مطالبہ پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کی ضروریات پورا کرنے بالخصوص لداخ خطے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔