سرینگر//پولیس فورس کے ہاتھوں دوران ڈیوٹی موبائیل فون استعمال کرنے کے رجحان میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایس پی وید نے پولیس اہلکاروں پر ’’حساس و الرٹ‘‘ ڈیوٹی اور تربیت کے دوران موبائیل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اس سلسلے میں پولیس سربراہ کی طرف سے جاری کئے گئے حکمنامے میںواضح طور پر کہا گیا ہے کہ اس صورتحال سے محکمہ میں کام کاج کا مجموعی ماحول اور اسکی شبیہ پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، لہٰذا ن ہدایات پرسختی سے علمدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی پولیس کی ہائی کمان نے پولیس اہلکاروں کے ذریعے ڈیوٹی کے دوران موبائیل فون کثرت سے استعمال کرنے کا انتہائی سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں میںموبائیل فون استعمال کرنے کے رجحان میں غیر معمولی اضافے پر محکمہ کے اعلیٰ حکام نے فکر مندی کا اظہار کیا جس کے تناظر میںاعلیٰ سطحی مشاورت کے بعداس رجحان کا تدارک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اہلکاروں کے نام ایک تازہ ہدایت نامہ مرتب کرکے ڈی جی پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے باضابطہ حکمنامہ جاری کیا جس میں اہلکاروں کو اس بات کی سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حساس اور الرٹ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ تربیت کے دوران بھی موبائیل فو ن کا استعمال ترک کریں۔حکمنامے میں کہا گیا ہے’’جب سے ریاست میں موبائیل فون خدمات شروع کی گئی ہیں، پولیس اہلکاروں اور دیگر لوگوں نے اپنی پیشہ وارانہ ڈیوٹی انجام دینے کیلئے تیز تر مواصلاتی رابطوں سے فائدہ اٹھایا، لیکن ایک پریشان کن رجحان یہ ہے کہ گارڈ ڈیوٹی یا پوائنٹ ڈیوٹی پر تعینات اہلکار ہمیشہ اپنے کام اور ذمہ داری سے غافل ہوکر موبائیل فون پر بات چیت میں مصروف نظر آتے ہیں‘‘۔ڈی جی پولیس کی طرف سے جاری کردہ آرڈر میں مزید کہا گیا ہے’’اس صورتحال کے نتیجے میں نہ صرف پولیس ڈیوٹی میں خلل پڑ جاتا ہے بلکہ یہ سیکورٹی کے لحاظ سے ایک بہت بڑا خطرہ بھی ہے کیونکہ سنتری یا ٹریفک اہلکار کسی رکائوٹ یا خطرے کو بھانپ نہیں سکتا ، جب اس کا دماغ اور جسم کسی اور چیز پر مرکوز ہوتا ہے‘‘۔ حکمنامے کے مطابق’’یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ نئے بھرتی شدہ زیر تربیت اہلکار بلا روک ٹوک موبائیل فون ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں اور استعمال کرتے ہیں‘‘۔ پولیس سربراہ نے اس ہدایت نامے میں موبائیل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے’’ڈیوٹی اور تربیت کے دوران موبائیل فون ساتھ رکھنا اور اس کا استعمال نہ صرف انتشار اور نقصان کا موجب بن رہا ہے بلکہ یہ نظم و ضبط اور ڈیوٹی انجام دینے کے قواعدکی خلاف ورزی بھی ہے ‘‘۔حکمنامے میں کہا گیا ہے’’یہ غیر صحت مند عمل انتہائی پریشان کن ہے ، اس سے محکمہ میں کام کاج کے مجموعی ماحول اور اس کی شبیہ پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور یہ صورتحال ڈیوٹی انجام دینے کی قابلیت اور اہلیت کے ساتھ سمجھوتے کے مترادف بھی ہے‘‘۔ڈاکٹر ایس پی وید نے اپنے حکمنامے میں مزید کہا ہے’’ تمام شعبوں کے سربراہان پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ حساس ڈیوٹی، الرٹ ڈیوٹی اور تربیتی مراکز میں تعینات اہلکاروں کی طرف سے موبائیل فون کے استعمال پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات کریں، زیر تربیت اہلکاروں کوتربیت کے عرصے کے دوران اپنے موبائیل فون ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دی جائے اور انہیں ہدایت دی جائے کہ وہ دوران تربیت اپنے موبائیل فون انسٹرکٹر یا کورس ایڈمنسٹریٹر کے پاس جمع کرائیں‘‘۔ڈی جی پولیس کے اس حکمنامے کی کاپیاں پولیس کے تمام متعلقہ افسران کو ارسال کی گئی ہیں اور انہیں ان ہدایات پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ (کے ایم این)
دوران ڈیوٹی موبائل فون کااستعمال ممنوع
