ترال//ترال کے دود کلن علاقہ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ ترال قصبہ سے تقریباً دس کلومیٹر دوراس علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ چند سال قبل وزیر عظم گرام سڑک یوجنا کے تحت سڑک تعمیر کرنے کا کام شروع کیا گیا لیکن نا معلوم وجوہات کی بناءپراچانک کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ۔ ایک معمر شہری محمد یوسف نے بتایا کہ علاقے کی پسماند گی کی سب سے بڑی وجہ رابطہ سڑک نہ ہونا ہے جو علاقے کو ہر سطح پر کمزور رکھنے میں پیش پیش ہے ۔ انہوں نے کہا” اس دور میں بھی ہمیں مریضوں کو چار پائی پر اٹھا کر لرگام یا ترال منتقل کرنا پڑتا ہے جو بعض اوقات ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی لقمہ اجل بن جاتے ہیں “۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج تک تمام سرکاروں کو اپنے روز مرہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ووٹ دئے ہیں لیکن مشکلات کا ازالہ نہیں ہوا۔لوگوں نے کہاکہ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور آبادی مجبوراً گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبورہے ۔
دود کلن لرگام ترال بنیادی سہولیات سے محروم
